یوکرین سے 48 گھنٹوں میں 50 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں، انجلینا جولی

لاس اینجلس،مارچ۔عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے بتایا ہے کہ یوکرین سے 48 گھنٹوں میں 50 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔انجلینا جولی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں یوکرین سے بارڈر پار کرکے لوگوں کو اپنے پڑوسی ملک مالڈووا میں منتقل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔اداکارہ نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ 48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 50,000 سے زائد افراد یوکرین سے نقل مکانی کرچکے ہیں‘۔ اْنہوں نے ویڈیو کے بارے میں لکھا کہ’یہ ویڈیو اْنہیں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (UNHCR) سے ان کے ایک ساتھی نے بھیجی ہے جو کہ مالڈووا اور یوکرین کے بارڈر پر موجود ہے‘۔اس ویڈیو میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (UNHCR) کے ایک نمائندے رولینڈ شلنگ کو مالڈووا اور یوکرین کے بارڈر کی صورتحال سے آگاہ کررہے ہیں۔واضح رہے کہ 24 فروری کو روس نے اپنے پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کر دیا تھا۔اس لڑائی میں اب تک دونوں جانب سے ایک دوسرے کے سیکڑوں فوجیوں کو ہلاک کرنے اور بھاری نقصان پہنچانے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔

 

Related Articles