تہران پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے : ایرانی وزارت خارجہ
تہران،فروری۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آج پیر کے روز کہا ہے کہ اْن کا ملک سعودی عرب سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ مکالمے کا خیر مقدم کرتا ہے۔اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ سابقہ ادوار میں کوئی اہم پیش رفت نہ ہونے کے باوجود ان کا ملک ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا پانچواں دور طے کرنے پر غور کر رہا ہے۔ انھوں نے ایران پر زوردیا کہ وہ خطے میں اپنا طرزعمل تبدیل کرے۔سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات 2016ء میں منقطع ہو گئے تھے۔ بعد ازاں گذشتہ برس عراق کی میزبانی میں دونوں ممالک نے بات چیت کا آغاز کیا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایرانی جوہری عماہدے کی بحالی کے لیے ویانا میں جاری مذاکرات میں "نمایاں پیش رفت” ہوئی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ ان کا ملک خود پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ترجمان نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ ہمیشہ "بے بنیاد” بیانات کے ذریعے ویانا میں جاری بات چیت میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ویانا میں جاری مذاکرات کے نتیجے میں سامنے آنے والا کوئی بھی معاہدہ "مشرق وسطی میں زیادہ تشدد اور انارکی” کو جنم دے گا۔