یوپی کے لوگوں کےتیئں یوگی حکومت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ رہا : سونیا

نئی دہلی، فروری۔کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اتر پردیش کے رائے دہندگان سے کانگریس کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران اترپردیش کے لوگوں کے تیئں ریاست کی یوگی حکومت اور مرکز کی مودی حکومت کا رویہ بہت غیر ذمہ دارانہ رہا ہے ۔ محترمہ سونیا گاندھی نے پیر کو ورچوئل طریقے سے اتر پردیش کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سرسوں کی قیمت کسانوں کو نہیں دی اور کھاد مہنگی کر دی۔ ان کوراحت دینے کے بجائے اس کے برعکس کسانوں پر قرض کا بوجھ کئی گنا بڑھا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں اتر پردیش کے عوام کو حکومت کے رویے کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ مودی اور یوگی حکومت نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا اور ریاست کے عوام کے دکھ درد سے پہلو تہی کرلی ۔ انہیں کوئی راحت نہیں دی گئی۔ محترمہ گاندھی نے کہا کہ منریگا مرکزی حکومت کی دیہی علاقوں میں روزگار فراہم کرنے کی ایک اہم اسکیم ہے اور یہ اسکیم کانگریس کے دور حکومت میں بنائی گئی تھی، لیکن مودی حکومت نے اس کے ذریعے لوگوں کی مدد پہنچانے میں کٹوتی کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے خواتین اور نوجوانوں کو طاقت دینے کا کام کیا ہے اور ٹکٹوں کی تقسیم میں 40 فیصد ٹکٹ خواتین کو دیے ہیں۔ ریاست میں خواتین کی حفاظت، بچیوں کو بااختیار بنانے، ریاست کی ترقی اور مہنگائی پر روک لگانے کے لیے اس الیکشن میں کانگریس کے امیدواروں کو کامیاب بنانا ضروری ہو گیا ہے۔ محترمہ گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے لوگوں سے تمام پانچ سیٹوں پر کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

Related Articles