پگڑی پہن سکتے ہیں تو حجاب کیوں نہیں؟ سونم کپور کا سوال
ممبئی،فروری۔ کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے معاملے نے اداکارہ سونم کپور کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروالی۔سونم کپور نے انسٹاگرام اسٹوری پر پگڑی میں ملبوس مرد اور حجاب میں ملبوس عورت کی تصویر شیئر کی۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں سوال کیا کہ اگر پگڑی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے کہ تو پھر حجاب کیوں نہیں اوڑھا جاسکتا۔یاد رہے کہ کرناٹک سمیت دیگر بھارتی ریاستوں میں حجاب کا تنازع اس وقت شروع ہوا جب کرناٹک حکومت نے 5 فروری کو تمام اسکولوں اور کالجوں میں ڈریس کوڈ کو لازمی قرار دینے کا حکم جاری کیا تھا۔اس تنازع پر پوجا بھٹ، سوارا بھاسکر، جاوید اختر، شبانہ اعظمی ، کمال راشد خان و دیگر بالی ووڈ ستارے اپنے اپنے تبصرے کر چکے ہیں۔واضح یاد رہے کہ کرناٹک میں باحجاب لڑکی مسکان کو ہندو انتہا پسندوں نے کالج جاتے ہوئے ہراساں کیا تھا جس کے جواب میں لڑکی نے ڈرے بغیر نعرہ تکبیر بلند کیا تھا۔مسکان کی بہادری پر جمعیت علماء ہند کے سربراہ مولانا محمود مدنی نے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔مسکان خان کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے مختلف تنظیموں نے اعزازات دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔اس واقعے پر دنیا بھر میں مختلف انداز سے تبصرے اور تجزیے کئے جارہے ہیں، بھارت میں بھی اس پر بحث تیز ہوگئی ہے۔