ایران پرپابندیوں کے خاتمے سے دہشت گردی کی حمایت کا خطرہ ہے:امریکی جنرل
تہران/واشنگٹن،فروری۔امریکی صدرجو بائیڈن کے مشرق اوسط میں نامزداعلیٰ فوجی جنرل مائیکل کوریلا نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ایران پر عایدپابندیوں کا خاتمہ کیا جاتا ہے یا ان میں نرمی کی جاتی ہے تو اس سے وہ خطے میں اپنی آلہ کار تنظیموں کی مالی معاونت کرسکتا ہے اور اس کی جانب سے دہشت گردی کے لیے حمایت کو مہمیز مل سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پابندیوں سے نجات کی صورت میں اس بات کا خدشہ ہے کہ ایران غیرمنجمد کی جانے والی رقوم میں سے کچھ رقم خطے میں اپنے آلہ کاروں اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال کرے گا۔لیفٹیننٹ جنرل مائیکل کوریلا نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا کہ اگرانھوں نے ایران پرعاید پابندیوں کاخاتمہ کیا تو اس سے خطے میں ہماری افواج کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔پچپن سالہ سالہ کوریلا ریاست شمالی کیرولائنا میں واقع فورٹ بریگ میں امریکی فوج کی جوابی فورسزسمیت 18ویں ایئربورن کور کی قیادت کرتے ہیں۔ صدربائیڈن نے ان ہی کے زیرقیادت ایئربورن کور کے ارکان کویورپ میں یوکرین کی حمایت میں تعینات کرنے کاحکم دیا ہے اور جنرل کوریلا سینیٹ کی کمیٹی میں سماعت کے بعد اسی سلسلے میں یورپ روانہ ہونے والے تھے۔دریں اثناء امریکا کی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل فرینک میکنزی متحدہ عرب امارات کا دورہ کررہے ہیں۔انھوں نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے ابوظبی اور سعودی عرب پرحال ہی میں متعدد میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خلیجی ممالک کو امریکا کی فوجی امداد بڑھانے پر بات چیت کی ہے۔