بائیڈن کاروس کی دھمکیوں کے بعد ہزاروں امریکی فوجی مشرقی یورپ بھیجنے کاحکم

واشنگٹن،فروری. امریکی صدرجوبائیڈن نے یوکرین پرروس کی ممکنہ چڑھائی کے معاملے پرکشیدگی بڑھنے پر مشرقی یورپ میں ہزاروں فوجیوں کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے پریس سیکرٹری جان کربی نے بدھ کو ایک نیوزکانفرنس میں بتایا ہے کہ مشرقی یورپ میں بھیجے جانے والے فوجیوں کی تعداد تین ہزار کے لگ بھگ ہے۔انھوں نے کہا کہ فوج کی مزید تعیناتی سے متعلق فیصلہ کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔پینٹاگون کے ایک سینیرعہدہ دار نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ یہ اقدام ’’اتحادکے خلاف خطرے کوروکنے اور سدِّجارحیت کے لیے ہے۔ہم عملی طورپرکھیل میں کودپڑنے کو تیارہیں‘‘۔جان کربی نے بتایا کہ امریکی فوجیوں کی پولینڈ اور جرمنی میں آمد متوقع ہے۔نیزایک اندازے کے مطابق ایک ہزار فوجی جرمنی سے رومانیہ میں دوبارہ تعینات ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ قریباً یورپ بھیجے جانے والے تین ہزار فوجی ان 8500 فوجیوں کے علاوہ ہیں جو پہلے ہی امریکا میں سخت الرٹ پررکھے گئے تھے۔انھوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی اس امر کا’’واضح اشارہ‘‘ ہے کہ امریکا کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کے لیے تیار ہے۔بتایا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے فوجیوں کو یورپ میں بھیجنے کا حتمی فیصلہ منگل کے روزوزیردفاع لائیڈ آسٹن اور امریکا کے اعلیٰ فوجی جنرل سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔

Related Articles