مالی نے فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکال دیا
بماکو،فروری۔ مغربی افریقی ملک مالی نے فوجی حکومت کے متعلق قابل اعتراض بیان پر فرانسیسی سفیر جویل میئر کو 72 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا ہے۔ اس اقدام سے فوجی جنتا کے بین الاقوامی شرکاء کے ساتھ تعلقات مزید خراب ہو جائیں گے۔مالی کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز فرانسیسی سفیر جویل میئر کو دفتر خارجہ میں طلب کیا اور انہیں 72گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ کر چلے جانے کے لیے کہا۔فرانس کا فی الحال اس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔یہ پیش رفت فرانسیسی وزیر خارجہ جیاں ڑاں ایو لدریاں کی جانب سے جمعے کے روز دیے گئے ایک بیان کے بعد ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مالی کی فوجی جنتا کو "غیر قانونی” اور اس کے فیصلوں کو "غیر ذمہ دارانہ” قرار دیا تھا۔مالی کی عبوری حکومت نے پیر کے روز جوابی کارروائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ” اس طرح کے بیانات کی مذمت اور مستر د کرتی ہے جو ملکوں کے مابین دوستانہ تعلقات کے منافی ہیں۔”
مالی اور فرانس میں کشیدگی میں اضافہ:مالی اور اس کے سابق نوآبادتی حکمراں فرانس کے درمیان تعلقات میں اس وقت زبردست کشیدگی پیدا ہوگئی جب فوجی جنتا فروری میں انتخابات کرانے کے معاہدے سے مکر گئی اور اس نے 2025 تک اقتدار پر برقرار رہنے کے بعد انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔فرانس کو مالی کی جانب سے اسلامی شدت پسندوں سے جنگ کے لیے روسی عسکری تربیت کاروں کے مبینہ خدمات حاصل کرنے پر بھی تشویش ہے۔ فرانس ساحل خطے کے مختلف ملکوں میں انتہاپسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی فوج کی قیادت کر رہا ہے۔فرانس کے وزیر دفاع فلورینس پارلے نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اگر فوجیوں کے قیام کی زیادہ قیمت ادا کرنی پڑی تو فرانسیسی فوج مالی میں نہیں رہیں گی۔
ڈنمارک اپنی فوج واپس بلا رہا ہے:مالی نے گزشتہ ہفتے ڈنمارک سے کہا تھا کہ وہ اپنی فوج کو واپس بلا لے، جو اس وقت انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی فوج کا حصہ ہیں۔فرانس نے مالی سے کہا تھا کہ وہ ڈنمارک کی فوج کو رہنے دے لیکن فوجی جنتا کے ایک ترجمان نے فرانس سے کہا کہ وہ اپنی "نوآبادیاتی ارادے” اپنے پاس ہی رکھے۔ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپے کوفوڈ نے مالی کے سفیر کو ملک سے نکالنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے پیر کے روز کہا، "ہمیں مالی سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی توقع نہیں تھی۔” انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کر کے مالی اپنا غیر ملکی اعتبار کھو دے گا۔ڈنمارک کے وزیر دفاع نے کہا کہ یورپی اتحادی فوجی جنتا کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ تیار کر رہے ہیں کہ مالی میں جنگجووں کے خلاف جنگ کو زیادہ بہتر انداز میں کس طرح جاری رکھا جاسکتا ہے۔