دنیا بھر میں کورونا سے ساڑھے سات لاکھ سے زائد افراد ہلاک
بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19) کے قہر سے دنیا بھر میں ساڑھے سات لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،وہیں 2.08 کروڑ سے زائد افراد اس سے متاثر ہیں۔ کووڈ 19 کے کیسز کے معاملے میں امریکہ دنیا میں پہلے ، برازیل دوسرے اور ہندوستان تیسرے مقام پر ہے۔ وہیں اس وبا سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور میکسیکو تیسرے مقام پر ہے۔ ہندوستان اب 48 ہزار سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ برطانیہ کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اور انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا بھر 20،840،381 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 754،566 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔
دنیا میں عالمی طاقت تصور کئےجانے والے امریکہ میں اب تک 5،248،678 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 167،097 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ برازیل میں اب تک 3،164،785 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 104،201 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ہندوستان میں مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعہ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہی دن میں کورونا کے سب سے زائد 64،553 کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 24،61،191 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1007 افراد کی ہلاکت سے ہلاک شدگان کی تعداد 48،040 ہوگئی ہے۔