سعودی عرب میں پہلا یوگا فیسٹول ، خواتین کی خصوصی دل چسپی
ریاض،جنوری۔سعودی عرب میں آج کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں بیلسان کے ساحل پر مملکت کے پہلے یوگا فیسٹول کا آغاز ہوا۔ اس فیسٹول کا انتظام سعودی یوگا کمیٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ فیسٹول میں یوگا کرنے والوں اور اس کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد اکٹھا ہوئی ہے۔ مملکت میں یوگا کے مشہور تربیت کاروں کی نگرانی میں اس سرگرمی کے خصوصی شوز پیش کیے جائیں گے۔ فیسٹول میں متعدد ورکشاپس بھی ہوں گی۔اس موقع پر یوگا کی سینئر خاتون تربیت کار نوف بنت محمد المروعی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں گذشتہ دو دہائیوں سے یوگا میں دل چسپی رکھنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ خلیج کی سطح پر یوگا میں سب سے زیادہ دل چسپی رکھنے والے مرد اور خواتین شہری سعودی عرب میں ہیں۔سعودی یوگا کمیٹی کا قیام مئی 2021ء میں عمل میں آیا تھا۔یاد رہے کہ آخری دس برسوں میں سعودی عرب میں یوگا کے کھیل کو تیزی سے ترقی ملی ہے۔ سعودی وزارت کھیل کی جانب سے اجازت ناموں کے اجرا کے ملک بھر میں یوگا کے کئی ہال اور مراکز کا افتتاح دیکھنے میں آیا۔