گورکھپور سے الیکشن بھی جیت درج کرونگا اور حکومت بھی بناونگا:چندرشیکھر
لکھنؤ:جنوری۔گورکھپور میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان کرنے والے آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر نے اتوار کو کہا کہ اقلیتوں اور ایس سی ۔ ایس ٹی سماج کی بدولت وہ نہ صرف الیکشن میں جیت درج کریں گے بلکہ حکومت بھی بنائیں گے۔چندر شیکھر نے یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں دعوی کیا کہ ان کے ساتھ 35چھوٹی پارٹیاں ہیں۔ انہوں نے کہا’ اب بڑے لوگوں سے اتحاد نہیں کرنا ہے۔ سمندر میں نہیں کودنا ہے لیکن ندیاں بن کر خود بڑا ہونا ہے۔ بہت لوگوں نے مجھے نکارہ ہے اب میں بیساکھی کے ذریعہ نہیں بلکہ خود کی طاقت پر آگے بڑھونگا اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ پیش قدمی کرونگا۔انہوں نے کہا’ میں بڑے بھیا(اکھلیش یادو) اور بہن مایاوتی کا احترام کرتا ہوں۔ ان کی پارٹی اکھلیش یادو کے خلاف امیدوار میدان میں نہیں اتارے گی۔ میں لکھ کر دے رہاہوں آزاد سماج پارٹی کی حکومت بنے گی اور وزیر اعلی بھی میری ہی پارٹی کا ہوگا‘۔چندرشیکھر نے کہا کہ اپوزیشن نے کوئی بھی طاقت ور لیڈر گورکھپور سے نہیں اتار ہے مگر وہ پوری طاقت سے لڑنے کو تیار ہیں۔ جلد ہی گورکھپور کی طرف کوچ کریں گے۔