عامر خان کی جگہ فلم ڈر کا کردار شاہ رخ خان کو کیسے ملا؟

ممبئی،جنوری۔بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی جگہ سپر ہٹ فلم ڈر میں شاہ رخ خان نے ولن کا کردار نبھایا تھا جس کی وجہ عامر نے اپنے انٹرویو کے دوران بتائی تھی۔ عامر خان ویسے ہی اپنی فلموں کے انتخاب سے متعلق بہت محدود رہے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے فلم ڈر کو منتخب نہ کرنے کی وجہ بتائی تھی۔ 1993 میں ریلیز ہونے والی اس میوزیکل سائیکولوجیکل تھریلر فلم ڈر میں جوہی چاولہ، سنی دیول اور شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ اس فلم کے لیے عامر خان کو بھی پیشکش کی گئی تھی جس سے متعلق ایک انٹرویو کے دوران عامر کا کہنا تھا کہ اسٹوری مجھے بے حد پسند تھی اور کردار بھی پسند تھا۔ان کا کہنا تھا کہ یش جی نے اچھے ڈائریکٹر ہیں، میں نے ان کے ساتھ پرمپرا میں کام بھی کیا تھا اور ان کے ساتھ مزید کام کرنے کا بھی خواہشمند تھا۔تاہم انہوں نے فلم ڈر کا کردار کھونے سے متعلق کہا کہ میرا کام کرنے کا ایک اصول ہے، آپ اسے اصول کہیں یا پھر پالیسی کہیں، جب میں کوئی فلم کرتا ہوں جس میں ایک سے زیادہ ہیرو ہوں تو میں ڈائریکٹر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہمیں ساتھ بِٹھا کے کہانی سنائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میرا یہ اصول صحیح ہے یا غلط لیکن میں اس پالیسی پر چلتا ہوں۔انہوں نے فلم انداز اپنا اپنا کی مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ جیسے جب انداز اپنا اپنا فلم بن رہی تھی جب راج نے مجھے اور سلمان کو ساتھ میں بیٹھا کر کہانی سنائی تھی، دونوں کے کردار سنائے تھے تاکہ ہم دونوں ہمارے کرداروں سے مطمئن ہوجائیں تاکہ کسی کو آگے جاکر مسئلہ نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ یش چوپڑا دونوں ہیروز کو ایک ساتھ بیٹھا کر کہانی سنانے کے لیے تیار نہیں تھے اور اسی وجہ سے پھر مجھے فلم سے ہٹا دیا گیا۔ واضح رہے کہ عامر خان کے فلم سے نکلنے کے بعد شاہ رخ خان نے ڈر میں راہول مہرا کا کردار نبھایا۔ فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے اْس وقت 21 کروڑ 31 لاکھ سے زائد کا بزنس کیا تھا جو ایک اندازے کے مطابق موجودہ دور کے 366 کروڑ کے برابر ہیں۔

Related Articles