جے شنکر نے 10 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک بات چیت کی
نئی دہلی،جنوری ۔وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے پیر کی رات اور منگل کو دن کے وقت 10 ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ الگ الگ ٹیلی فونک بات چیت کی۔ جے شنکر نے جن ممالک سے بات کی ان میں امریکہ، روس، مالدیپ، آسٹریلیا، انڈونیشیا، بھوٹان، نائجیریا، نیپال، بنگلہ دیش اور سنگاپور شامل ہیں۔ٹیلی فونک بات چیت کے دوران وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے ہم منصبوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور دو طرفہ اور عالمی امور پر وسیع تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔اپنے ٹویٹ میں جے شنکر نے بتایاکہ "گزشتہ رات وزیر خارجہ بلنکن کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ جس میں انڈو پیسیفک سمیت دو طرفہ امور اور اہم عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔‘‘دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستان اور امریکہ وزرائے خارجہ اور دفاع کی سطح پر ‘ٹو پلس ٹو’ بات چیت کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اسی طرح جے شنکر نے ایک اور ٹویٹ میں بتایاکہ "آج شام روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ سالانہ کانفرنس اور ‘ٹو پلس ٹو’ میٹنگ کے بعد ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔‘‘جے شنکر نے انڈونیشیا کے وزیر خارجہ ریٹنو مرسودی سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ٹویٹ کیاکہ "سال کے آغاز میں انڈونیشیا کے وزیرخارجہ سے اچھی بات چیت ہوئی، دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ میانمار اور افغانستان کے بارے میں خیالات کا تبادلہ ہوا۔‘‘سال 2021 میں اٹلی کے پاس جی۔20 کی صدارت تھی جبکہ دسمبر 2021 میں ہوئی میٹنگ میں انڈونیشیا کو 2022 کے لیے یہ کردار ملا تھا۔ ہندوستان یہ چارج سال 2023 میں لے گا۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے آسٹریلیا کے وزیر خارجہ مارس پین سے بھی بات چیت کی۔اسی طرح ایس جے شنکر نے مالدیپ، آسٹریلیا، بھوٹان، نائجیریا، نیپال، بنگلہ دیش اور سنگاپور کے وزیرخارجہ سے بھی مختلف عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔