مودی کا منی پورو تریپورہ کا دورہ ،متعدد پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے

نئی دہلی، جنوری۔وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو منی پور اور تریپورہ کا دورہ کریں گے اور ان دونوں شمال مشرقی ریاستوں میں ہزاروں کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق مسٹر مودی منگل کو صبح 11 بجے منی پور کی راجدھانی امپھال میں 4800 کروڑ روپے سے زیادہ کے 22 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔وہ دوپہر 2 بجے تریپورہ کے دارالحکومت اگرتلہ میں 450 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر مہاراجہ بیر بکرم ہوائی اڈے پر نئی مربوط ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے اور دو بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی آغاز کریں گے۔بیان کے مطابق وزیر اعظم منی پور میں تقریباً 1850 کروڑ روپے کی لاگت کے 13 پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور تقریباً 2950 کروڑ روپے کی لاگت والے نو پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ منصوبے سڑکوں کی تعمیر، پینے کے پانی کی فراہمی، صحت، شہری ترقی، ہاؤسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی،فروغ مہارت، فنون لطیفہ اور ثقافت جیسے متنوع شعبوں سے متعلق ہیں۔ان میں سے 1700 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے بنائے جانے والے پانچ قومی شاہراہوں کی کل لمبائی 110 کلومیٹر سے زیادہ ہوگی۔ بیان کے مطابق امپھال سے سلچر تک ٹریفک کی سال بھر کی بلا تعطل نقل و حرکت کوجاری رکھنے کے لیے مسٹر مودی باراک ندی پر 75 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے اسٹیل پل کا افتتاح کریں گے اور تقریباً 1,100 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے 2,387 موبائل ٹاور منی پور کے لوگوں کو وقف کریں گے۔ ریاست کے موبائل نیٹ ورک کو وسعت دینے کی سمت یہ ایک بڑا قدم ہوگا۔ وزیر اعظم کے ذریعہ افتتاح کیے والے پروجیکٹوں میں امپھال شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 280 کروڑ روپے کی لاگت کا ‘ واٹر ٹرانسمیشن سسٹم پروجیکٹ، ضلع تامینگلونگ میں مختلف بستیوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے 65 کروڑ روپے کا پروجیکٹ اور 51 کروڑ روپے کے ‘سینا پتی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر واٹر سپلائی اسکیم شامل ہیں۔ مودی امپھال میں پی پی پی کی بنیاد پر تقریباً 160 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید ترین کینسر ہسپتال کے منصوبے کا سنگ بنیادبھی رکھیں گے۔ وہ ریاست میں تقریباً 200 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کیے جانے والے مرکز برائے ایجاد، اختراع، انکیوبیشن اینڈ ٹریننگ (سی آئی آئی آئی ٹی) کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔وزیر اعظم وہیں سے گروگرام، ہریانہ میں منی پور انسٹی ٹیوٹ آف پرفارمنگ آرٹس کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ہریانہ میں منی پور کے اس طرح کے ثقافتی انسٹی ٹیوٹ کا تصور پہلی بار 1990 میں آیا تھا، لیکن گزشتہ کئی سالوں سے اس کو عملی شکل نہیں دیا جاسکا تھا۔ یہ ادارہ 240 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ وہ امپھال میں تزئین و آرائش شدہ گووند جی مندر کا افتتاح کریں گے۔ مسٹر مودی موئرنگ میں آئی این اے کمپلیکس کا بھی افتتاح کریں گے، جو ہندوستان کی تحریک آزادی میں انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے) کی طرف سے نبھائے گئے اہم رول کی یا د دلاتا رہے گا۔

Related Articles