مودی -ملک کی بات چیت سے ملک حیران: کانگریس

نئی دہلی، جنوری۔کانگریس نے کہا ہے کہ میگھالیہ کے گورنر ستیہ پال ملک اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان بات چیت کے انکشاف سے ملک حیران ہے اور یہ واضح ہو گیا ہے کہ مسٹر مودی کسان مخالف ہیں اور کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی اور مسٹر ملک کے درمیان ہونے والی بات چیت کے جو حصے سامنے آئے ہیں ، ان کے مطابق مسٹر مودی متکبرانہ ڈھنگ سے کہا تھا ،’ کسان میرے لیے یا بی جے پی کے لیے نہیں مرے ہیں‘۔ کانگریس کے رہنما نے کہا کہ جب کسان دہلی کی سرحد پر صدائے احتجاج کر رہے تھے تو مسٹر مودی چند سرمایہ داروں کی دکان چلانے کی بساط تیار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس گفتگو سے مسٹر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اور ان کی حکومت کا کسان مخالف چہرہ سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ جیسے اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے کسی بھی شخص کا ایسا کسان مخالف چہرہ آج تک سامنے نہیں آیا۔ وزیر اعظم نے ملک کے کسانوں کی توہین کی ہے، اس لیے انھیں ملک کے کسانوں سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں نے ملک کے مفاد کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔کانگریس کے رہنما نے کہا کہ کسانوں سے معافی مانگنے کے علاوہ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) اور شہید کسانوں کے اہل خانہ کو امداد، متاثرہ کے خاندان کے ایک فرد کو نوکری، جھوٹے مقدمے واپس لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے میں کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کر کے 30 دن میں رپورٹ آنی چاہیے۔

Related Articles