سابق مرکزی وزیر رگھونش پرساد سنگھ نے آر جے ڈی سے استعفی دیا
پٹنہ،راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کو آج انتخابات سے قبل بڑاجھٹکا لگا جب پارٹی کے نائب صدر رہے سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر رگھوونش پرساد سنگھ نے آج پارٹی سے استعفی دے دیا ڈاکٹر رگھوونش پرساد سنگھ نے جمعرات کو دلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) سے آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کو خط لکھ کر پارٹی چھوڑنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے خط میں کہا ’’عوامی لیڈر کرپوری ٹھاکر کے انتقال کے بعد 32 برسوں تک آپ کے پیچھے کھڑا رہا لیکن اب نہیں۔ پارٹی لیڈر اور عوام نے کافی پیار دیا، مجھے معاف کریں‘‘۔
واضح رہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ راما سنگھ کو آر جے ڈی میں لائے جانے کی خبروں کے بعد سے ہی ڈاکٹر رگھوونش پرساد سنگھ ناراض تھے۔ مسٹر لالو پرساد یادو نے بھی انہیں منانے کو کوشش کی، اسی دوران مسٹر یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے ڈاکٹر سنگھ کے بارے میں متنازعہ بیان دے دیا تھا کہ ’ایک لوٹا سمندر سے نکل جائے تو کوئی فرق نہیں پڑتا‘ ایسا سمجھا جاتا ہے کہ ڈاکٹر سنگھ کافی ناراض تھے اور بے عزتی محسوس کررہے تھے۔ بالآخر انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ لیا۔ ڈاکٹر سنگھ فی الحال ایمس میں اپنا علاج کرارہے ہیں۔