مقبوضہ وادی گولان کی حیثیت تبدیل کرنا باطل اقدام ہے: عرب لیگ
قاہرہ،دسمبر۔عرب لیگ نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ وادی گولان کے علاقے میں آباد کاری کے نئے منصوبوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے مقبوضہ وادی گولان کے علاقوں کی صورت حال کو تبدیل کرنا اور اس کی قانوجی حیثیت کو تبدیل کرنا باطل اقدام ہے۔عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے مشیر برائے فلسطین سعید ابو علی نے ایک بیان میں کہا کہ عرب لیگ مقبوضہ وادی گولان میں یہودی آباد کاری کے نئے اسرائیلی منصوبوں کو مسترد کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی گولان میں یہودی آباد کاری کے منصوبے متنازع علاقے میں صہیونی ریاست کی مداخلت کو مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔ابو علی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست اقتصادی ترقی کے نام نہاد منصوبوں کی آڑ میں مقبوضہ وادی گولان کے علاقوں میں مداخلت کررہا ہے اور وادی گولان پر قبضے اور اس کے وسائل ہتھیانے کی کوشش ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیل نے مقبوضہ وادی گولان کے علاقے میں ترقیاتی منصوبے کی آڑ میں یہودی آباد کاری کے ایک بڑے منصوبے کی منظوری دی ہے۔