کترینہ کیف کا شادی کے بعد نئے پراجیکٹ کا اعلان
ممبئی،دسمبر۔حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ کترینہ کیف نے شادی کے بعد باضابطہ طور پر اپنے نئے پراجیکٹ کا اعلان کردیا ہے۔کترینہ کیف نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار وجے سیتھوپتی، ہدایت کار سری رام راگھون اور دیگر کے ساتھ اپنی نئی آنے والی فلم کے سیٹ سے ایک تصویر شیئر کی ہے۔انہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’نیا آغاز، فلم (میری کرسمس ) کے لیے ڈائریکٹر سری رام راگھون کے ساتھ سیٹ پر واپسی!‘انہوں نے مزید لکھا کہ’وہ ہمیشہ سے سری رام راگھون سر کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھیں کیونکہ جب بات سنسنی خیز داستانوں کی فلموں کو دکھانے کی ہو تو وہ ایک ماہر ہیں اور ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں کام کرنا اعزاز کی بات ہے‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ’وہ رمیش تورانی اور سنجے روترے کی فلم کے لیے اداکار وجے سیتھوپتی کے ساتھ ٹیم میں کام کرنے پر بہت پرجوش ہیں‘۔واضح رہے کہ رواں سال 9 دسمبر کو وکی اور کترینہ کی شادی کی تقریب ہندو مذہب کی رسومات کے مطابق راجستھان کے علاقے مادھوپور میں سکس سینسز فورٹ میں ہوئی، جس میں ان اسٹارز کے گھر والوں، رشتہ داروں اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔