برطانیہ میں پولیس افسران پر حملوں میں تشویشناک اضافہ، 80 افسروں پرحملہ ہوا

لندن ،دسمبر۔ برطانیہ میں پولیس افسران پر حملوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، پولیس کے جاری کردہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ رواں سال ہر روز 80افسروں پر حملہ کیا گیا۔خبروں کے مطابق 2021ء میں صرف تین ماہ کے دوران پولیس افسروں، رضا کاروں اور کانسٹیبلز کے خلاف کم از کم 7260 حملے ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سال کے دوران 29 ہزار سے زیادہ حملے ہوئے۔یہ اعدادوشمار 23 مارچ اور 23 جون کے درمیان ریکارڈ کئے گئے اور برطانیہ بھر کی 43 فورسز میں سے 31نے اس بات کی شکایت کی، خدشہ ہے کہ مذکورہ تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس پر سب سے زیادہ حملے کیمبرج شائر کانسٹیبلری پر ہوئے اور یہاں 2021ء میں تین ماہ کی مدت میں 128 کیسز نوٹ کئے گئے جو کہ گزشتہ سال 58 تھے۔ بتایا گیا ہے کہ 2019ء کی نسبت یہ حملے 212 فیصد زیادہ ہیں، ان حملوں میں پولیس افسروں پر تھوک کر کوویڈ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور ایسا تقریباً روزانہ ہوتا ہے، ایسے حملوں میں تھوکنے سے لے کر دھکا دینے اور خطرناک حد تک تشدد کرنے کے واقعات ہوتے ہیں، ایسے واقعات کا اثر پولیس افسروں سمیت ان کے خاندانوں اور دوستوں پر بھی ہوتا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق اس رحجان کی ایک بڑی وجہ کوویڈ 19 کے باعث لوگوں کی فرسٹریشن بھی ہو سکتی ہے۔ چیف کانسٹیبل مسٹر ڈین کا کہنا ہے کہ فورسز میں آنے والے نئے افسروں کیلئے تربیت کے اوقات کو معیاری بنانے ان کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے اور ان کی یونیفارم پر لگے باڈی کیمروں پر توجہ دی جا رہی ہے۔

Related Articles