تیر و کمان سے مسلح شخص کی ملکہ الزبتھ کے قتل کی دھمکی
لندن ،دسمبر۔حال ہی میں گردش میں آئی ایک وڈیو میں سفید نقاب سے منہ ڈھانپے ایک شخص کو برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کو ہلاک کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ تیر اور کمان سے مسلح یہ شخص آواز بگاڑ کر کیمرے کے سامنے مخاطب نظر آ رہا ہے۔ یہ وڈیو برطانوی اخبار دی سن کی ویب سائٹ نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب جاری کی۔وڈیو میں جیکٹ اور ٹوپی لگائے ہوئے شخص نے کہا کہ میں معذرت چاہتا ہوں … میں معذرت خواہ ہوں اس پر جو میں نے کیا اور جو میں کروں گا۔ میں شاہی خاندان کی سربراہ الزبتھ کو قتل کروں گا۔ یہ اْن لوگوں کا انتقام ہو گا جو 1919ء میں ہندوستان میں جالیان والا باغ میں ہونے والی قتل و غارت میں مارے گئے تھے۔ میں ایک بھارتی سکھ ہوں۔ پہلے میرا نام جسونت سنگھ تھا اور اب میں Jones Darth ہوں ۔غیر منقسم ہندوستان میں برطانوی فوج نے اس واقعے میں 379 مظاہرین کو موت کی نیند سلا دیا تھا جب کہ 1200 افراد زخمی بھی ہوئے۔اخبار کے مطابق مذکورہ نقاب پوش جاس کے نام سے معروف ہے اور اس کی عمر 19 برس ہے۔ پولیس نے اس نوجوان کو ہفتے کے روز ونڈسر پیلس کے نزدیک حراست میں لے لیا تھا۔ اس موقع پر وہ ملکہ برطانیہ کے خصوصی اپارٹمنٹوں سے صرف 500 میٹر کی دوری پر تھا۔ وہ رسی کی سڑھی بنا کر خاردار باڑ کے اوپر چڑھ گیا۔ اس وقت ملکہ الزبتھ ناشتے میں مصروف تھیں۔ بعد ازاں ملکہ اور شاہی خاندان کی دیگر شخصیات کو اس شخص کے دھاوے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا۔دی سن اخبار کے طمابق پولیس اس وقت اس وڈیو کا تجزیہ کر رہی ہے جس میں JAS ایک پراسرار اور شر پسند شخص کے طور پر نمودار ہوا۔