یوپی میں سڑکوں کی تعمیر پر خرچ ہونگے پانچ لاکھ کروڑ:گڈکری

جونپور:دسمبر۔مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے اترپردیش میں ووٹروں سے آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں اگلے پانچ سالوں میں اہم سڑک پروجکٹوں پر پانچ لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔گڈکری نے پیر کو اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ جونپور کے مچھلی شہر میں 1123کروڑ روپئے کے اخراجات والی تین قومی شاہراہوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر منعقد عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ مجوزہ ترقیاتی پروجکٹوں، خاص کر سڑک پروجکٹوں کے لئے پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے کہا’ہمارے پاس وزارت بھی ایسی ہے جہاں پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس مد میں ریاستیں بجٹ مانگتے مانگتے تھک جائیں گی لیکن ہم دیتے دیتے نہیں تھکیں گے۔ گڈکری نے یوپی میں ترقی کو رفتار دینے کے لئے ریاست میں اگلے پانچ سالوں کے لئے بی جے پی حکومت کو وقت کی مانگ قرار دیا۔ انہوں نے کہا’میں وعدہ کرتا ہوں کہ ڈبل انجن کی حکومت بننے دیجئے، یو پی میں آنے والے 5سالوں میں 5لاکھ کروڑ روپئے کے کام ہونگے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ آج پورا ملک یوگی آدتیہ ناتھ کو اس بات کے لئے یاد کرتا ہے کہ انہوں نے اترپردیش کو مافیاؤں سے آزادی دلا کر ریاست کو ترقی کے راستے پر لا کھڑا کیا ہے۔ یوپی کو نئی شناخت دلانے کا کریڈٹ یوگی کو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوپی سے غنڈہ راج کو اکھاڑ پھینکا ہے۔ مافیاراج کو بلڈوزر کے نیچے دبا دیا ہے۔ اگر رام راج کا تصور کیا جائے تو وہ یوپی میں ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔وہیں اس دوران یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ حکومتوں پر عوامی فنڈ کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا’سابقہ حکومتیں خزانے میں ڈکیتی ڈالنے کا کام کرتی تھی۔حکومت کی اسکیمات کو صرف اپنے چہیتوں کو دیا جاتا تھا۔غریب و کسان تو سرکاری اسکیمات سے محروم رہتے تھے۔وزیر اعلی نے ایس پی سربراہ نے اکھلیش یادو کا نام لئے بغیر ان پر طنز کستے ہوئے کہا’آج کچھ لوگ یوپی کے ترقی کا دعوی کررہے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنے کا دم بھرتے ہیں۔ لیکن وہ بھول گئے ہیں کہ کس رح سے مافیاؤں اور مجرمین کو پناہ دے کر تاجروں کی زمین پر قبضہ کر کے وصول کرواتے تھے۔ابھی عوام یہ سب بھولے نہیں ہیں۔یوگی نے دعوی کیا کہ گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں یوپی میں کوئی بھی فساد نہیں ہوا ہے۔ اور مجرمین یوپی سے نقل مکان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرمین کو پتہ ہے کہ جو بلڈوزر سڑک پر چلتا ہے وہ صحیح معنوں میں مافیاؤں پر ہی چلایا جارہا ہے یہی نیا یوپی ہے۔

Related Articles