لبنان: حماس تنظیم کے اسلحہ گودام میں دھماکا، متعدد افراد ہلاک و زخمی

بیروت،دسمبر۔لبنان کے جنوب میں جمعے کی شب فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ میں حماس تنظیم کے گولہ بارود اور ہتھیاروں کے گودام میں زور دار دھماکا ہوا۔لبنانی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ العربیہ / الحدث کے نمائندے کا کہنا ہے کہ حادثے میں 13 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔کیمپ میں سکونت پذیر افراد کے مطابق یہ زور دار دھماکا صور شہر کے قریب برج کیمپ میں حماس کے زیر انتظام ایک مسجد کے نزدیک ہوا۔ دھماکے کے ساتھ ہی جائے مقام پر خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔دوسری جانب عسکری ذرائع کا کہنا ہے آگ بھڑکنے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں۔ البتہ کیمپ کے ایک ذمے دار نے گودام میں گولہ بارود ہونے کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گودام میں گیس کی بوتلیں اور آکسیجن سلنڈر موجود تھے۔دھماکے کے بعد جائے مقام سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھنا شروع ہو گئے۔ ایمبولینس کی گاڑیاں کیمپ میں داخل آ گئیں جب کہ فوج نے کیمپ کو گھیرے میں لے لیا۔مقامی میڈیا کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا۔فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے واقعے پر سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ متعدد فلسطینی مسلح گروپ لبنان میں 10 کے قریب پناہ گزین کیمپوں پر عملی کنٹرول رکھتے ہیں۔ ان گروپوں میں حماس اور فتح موومنٹ شامل ہے۔ لبنانی حکام کا مذکورہ کیمپوں میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

Related Articles