ولی عہد کا دورۂ مسقط،سعودی عرب اورعمان کا دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا عزم

مسقط،دسمبر۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خلیجی ممالک کے دورے کے اگلے مرحلے میں منگل کے روز عمان سے ابوظبی پہنچ گئے ہیں۔انھوں نے مسقط میں سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ان کے اعزاز میں مسقط میں شاہی محل میں سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پرسعودی عرب کا شاہی ترانہ بجایا گیا اورمعزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔سعودی ولی عہد سوموارکی شام عمانی دارالحکومت مسقط پہنچے تھے جہاں سلطان ہیثم بن طارق نے ان کا خیرمقدم کیا۔مسقط کے دورے کے اختتام پرسعودی ولی عہد نے کہا کہ ان کے وفد نے عمان کی قیادت کیساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی شاہی دیوان نے پیرکو جاری کردہ بیان میں کہا تھاکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عمان کے بعد متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اورکویت سمیت خلیجی ریاستوں کا سرکاری دورہ شروع کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے امور پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔سعودی عرب کی کمپنیوں نے گذشتہ روز عمان انویسٹمنٹ اتھارٹی اور عمان کے نجی شعبے کی ملکیت میں متعدد کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پرکام کے لیے مفاہمت کی تیرہ یادداشتوں پر دست خط کیے تھے۔

 

Related Articles