بی جے پی اورمتحدہ اکالی دل کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت جاری : امریندر
چنڈی گڑھ، دسمبر۔پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی پنجاب لوک کانگریس آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور متحدہ اکالی دل کے رہنما ایس ایس ڈھینڈسا کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے لیےبات چیت جاری ہے اور مل کرانتخابات میں اتریں گے ۔ انہوں نے گورو صاحب کا آشیرواد لینے کے بعد سیاسی میدان میں اپنی نئی اننگز کی شروعات کر تے ہوئے پنجاب لوک کانگریس کا افتتاح کیا اور صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزیراعظم اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات ہو چکی ہے اور پارٹی کے صدر جے پی نڈا سمیت دیگر لیڈروں کے ساتھ ملاقات ہونی ہے ، جس میں الیکشن کی حکمت عملی اور سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں بات چیت ہوگی۔کیپٹن سنگھ نے کہا کہ کانگریس کے کئی وزراء اور رہنما ان کے رابطے میں ہیں لیکن وقت آنے پر ہی اس کا انکشاف کروں گا ۔ میری پہلی ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے اور ٹکٹ صرف جیتنے والے لوگوں کو دئیے جائیں گے ۔ میری کوشش ہوگی کہ اتحادی جماعتیں جیتنے والے امیدواروں پر ہی داؤ لگائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کانگریس کی حالت خراب ہوتی جا رہی ہے اور وزیر اعلیٰ اور کانگریس صدر دونوں پارٹی کو کس سمت لے جا رہے ہیں سب کو معلوم ہے ۔ عام آدمی پارٹی مضبوط نہیں ہے کیونکہ اگر آپ میں سب کچھ ٹھیک تھا تو اس کے کئی اراکین اسمبلی پارٹی کیوں چھوڑ دیتے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ چرنجیت چنی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب سے انہوں نے حکومت سنبھالی ہے، تب سے ہر شعبے میں بدعنوانی بڑھ گئی ہے۔ وہ جو بھی اعلان کر رہے ہیں وہ صرف ڈرامہ ہے ۔ بے ادبی کے معاملے میں انہوں نے کہا کہ اب میں تو وزیر اعلیٰ نہیں ہوں اور اقتدار میں بیٹھے لوگ بے ادبی کے لیے بنائی گئی اسپیشل ٹاسک فورس کی فائل منظرعام پرلائیں ۔ انہیں کون روک رہا ہے۔ میں نے گزشتہ الیکشن کے منشور میں کیے گئے 92 فیصد وعدے پورے کر دیے تھے ۔ اس سے پہلے ملک میں چندربابو نائیڈو نے 93 فیصد وعدوں کو پورا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئی پارٹی کے لئے آگلے دس دن میں رکنیت مہم شروع کی جائے گی اوریہ کام پنجاب کے ہر ضلع میں شروع کیا جائے گا ۔ ہمیں امید ہے کہ الیکشن میں ہماری جیت ہو گی ۔ گزشتہ 52 برسوں میں مرکز سے لے کر پارٹی صدر سے لے کر وزیر اعلیٰ تک کا تجربہ میرے پاس ہے۔ کانگریس صدر نوجوت سدھو کے پاکستان کے ساتھ کاروبار کھولنے پر انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان ہمارے فوجیوں کو شوٹ کرنا بند کرے۔