ششی کپور نے رومانوی ہیرو کے طورپر شناخت بنائی
ممبئی،دسمبر۔مشہور اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً تین دہائی تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔18مارچ 1938 کو پیدا ہوئے ششی کپور کا حقیقی نام بلبیر راج کپور تھا ۔ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا د اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ان کے والد اور مشہور و مقبول اداکار پرتھوی راج کپور اور بھائی راج کپور و شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔ششی کپور نے اپنے طویل کیریئر کی شروعات بچپن میں ہی کرلی تھی۔ چالیس کی دہائی میں انہوں نے کئی فلموں میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کیا۔ان میں 1948 میں ریلیز ہوئی فلم آگ اور 1951 میں آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔پچاس کی دہائی میں ششی اپنے والد کے تھیئٹر سے وابستہ ہوگئے۔اسی دوران ہندوستان اور شمالی ایشیا کے سفر پر آئے برطانوی ڈرامہ گروپ شیکس پیئر سے وہ وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی جینیفر کیڈل سے ہوئی۔وہ ان سے محبت کربیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔ششی کپور نے اداکار کے طورپر باقاعدہ شروعات 1961میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ ،ہولی ڈے ان بامبے اور بے نظیر جیسی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔1965میں ششی کپور کے کریئر نے اہم موڑ لیا۔اس سال ان کی فلم جب جب پھول کھلےریلیز ہوئی۔ بہترین نغموں، موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کریئر کو ایک نئی سمت دی۔1965میں ہی ششی کپور کے کریئر کی ایک اور بہترین فلم وقت ریلیز ہوئی۔اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی ،راج کمار اور سنیل دت جیتے مشہور اور بہترین اداکاری تھے۔اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے میں وہ کامیاب رہے۔یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور کی شبیہ رومانوی ہیرو کی بن گئی اور فلم سازاور ہدایت کاروں نے بیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیہ کو بھنایا۔ 1965سے 1976کے درمیان کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیا ان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔اسی (80) کی دہائی میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور جنون فلم بنائی۔اس کے بعد انہوں نے کلیوگ، 6چورنگی لین، وجیتا، اتسو وغیرہ فلمیں بھی بنائیں حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان فلموں کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔1991 میں اپنے دوست امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے اپنی کثیرالمقاصد فلم عجوبہ بنائی اور ہدایت کاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ یہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی۔ششی کپور کے سنی کریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندا کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔ یہ جوڑی سب سے پہلے فلم دیوار میں ساتھ نظر آئی۔ بعد میں اس نے ایمان دھرم،تریشول ،شان ، کبھی کبھی، روٹی کپڑا اور مکان، سہاگ، سلسلہ، نمک حلال، کالا پتھر اور اکیلا میں بھی کام کیا اور شائقین کی تفریح کی۔90کی دہائی میں صحت خراب رہنے کی وجہ سے ششی کپور نے فلموں میں کام کرنا تقریباً بند کردیا۔ 1998میں ریلیز ہوئی فلم جناح ان کے کریئر کی آخری فلم ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔ ششی کپور نے تقریباً 200 فلموں میں کام کیا ہے۔ ششی کپور کو فلم انڈسٹری کے سب سے اعلی اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ تقریباً تین دہائیوں تک ناظرین کو محظوظ کرنے والے ششی کپور 4 دسمبر 2017 کو اس دنیا سے ہمیشہ کے لئے رخصت ہوگئے۔