امریکہ میں 50 لاکھ سے زیادہ کورونا متاثرین
برازیل میں ہلاک شدگان کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز
جنیوا / بیجنگ / نئی دہلی،9 اگست (یواین آئی) مہلک ترین عالمی وباکورونا وائرس کووڈ ۔19 رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس وبا نے امریکہ میں 50 لاکھ سے زائد لوگوں کو متاثر کیا ہے جبکہ برازیل میں ہلاک شدگان کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوچکی ہے دنیا بھر میں اب تک98۔1 کروڑ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 29۔7 لاکھ افراد کی موت ہوچکی ہے۔
کورونا وائرس کی موذی وباء نے دنیا بھر میں مسلسل اپنے خونخوار پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 98 لاکھ 7 ہزار 621 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 7 لاکھ 29 ہزار 614 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 63 لاکھ 53 ہزار 322 مریض اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز میں زیرعلاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 65 ہزار 150 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 کروڑ 27 لاکھ 24 ہزار 685 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکہ اب بھی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔