جولی این جینٹر: نیوزی لینڈ کی رکن پارلیمان جو سائیکل چلاتے ہوئے اپنے بچے کی ڈیلیوری کے لیے ہسپتال پہنچیں

آکلینڈ،نومبر۔ابھی دو سال قبل کی بات ہے کہ نیوزی لینڈ کی پارلیمان کے سپیکر اپنی صدارت کی ذمہ داری نبھانے کے دوران ایک خاتون رکن پارلیمان کے بچے کو گود میں کھلا رہے تھے۔اس سے قبل سنہ 2017 میں آسٹریلیا کی ایک خاتون رکن پارلیمان ایوان میں سیشن کے دوران اپنے بچے کو دودھ پلانے والی پہلی خاتون بن گئی تھیں جبکہ اسی منگل کو برطانوی رکن پارلیمان کی اپنے بچے کے ساتھ ایوان میں آمد ہلچل کا سبب بنی تھی۔ان سب سے الگ گذشتہ روز ایک ایسا واقعہ پیش آیا، جب نیوزی لینڈ کی رکن پارلیمان سائیکل چلاتی ہوئی اپنے بچے کی ڈیلیوری کے لیے ہسپتال پہنچیں۔نیوزی لینڈ کی رکن پارلیمان جولی این جینٹر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ انھیں ’دیر رات درد محسوس ہوا تو انھوں نے اپنی سائیکل اٹھائی اور اس کو چلاتے ہوئے ہسپتال پہنچیں جہاں ایک گھنٹے بعد انھوں نے اپنے بچے کو جنم دیا۔‘ولادت کے چند گھنٹے بعد انھوں نے اپنے فیس بک پیج پر اس کی اطلاع کچھ اس طرح دی: ’بڑی خبر! صبح تین بج کر چار منٹ پر ہم نے اپنے گھر کے نئے رکن کا خیر مقدم کیا۔ میں نے ایسا کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا کہ سائیکل سے ہسپتال پہنچوں گی لیکن ایسی نوبت آ گئی۔‘انھوں نے مزید لکھا کہ ’جب ہم ہسپتال کے لیے نکلے تو رات کے دو بج رہے تھے۔ میرا کھچاؤ زیادہ شدید نہیں تھا، بہرحال جب اس میں شدت آنے لگی تو اس کے دس منٹ بعد ہم ہسپتال میں تھے۔‘اس کے ساتھ انھوں اپنی کئی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں۔ ایک جس میں وہ سائیکل چلا رہی ہیں، ایک جس میں وہ اپنے بچے کو جنم دینے سے قبل کار پارکنگ میں مسکرا رہی ہیں جبکہ ایک میں وہ اپنے شوہر اور بچے کے ساتھ خوش و خرم ہیں۔امریکہ میں پیدا ہونے والی 41 سال کی جولی جینٹر کی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ وہ تنہا نہیں تھیں۔ ان کے ساتھ ان کے شوہر تھے اور وہ بھی سائیکل چلا رہے تھے۔ان کی پوسٹ پر لوگوں نے انھیں مبارکباد دی تو کسی نے لکھا کہ ’سائیکل چلانے کی وجہ سے انھیں بچے کی ولادت میں آسانی ہوئی۔‘واضح رہے کہ 50 لاکھ کی آبادی والا ملک نیوزی لینڈ اپنے سادگی والے سیاست دانوں کے لیے مشہور ہے۔اس ملک کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنی وزرات عظمیٰ کے دوران سنہ 2018 میں بچے کی پیدائش کے لیے چھٹی لی تھی اور جب ان کا بچہ صرف تین ماہ کا تھا اور ماں کا دودھ پیتا تھا تو انھوں نے اس کے ساتھ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔وہ دنیا کی دوسری خاتون ہیں جن کے ہاں وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے دوران بچے کی پیدائش ہوئی۔یہ ایک اتفاق ہی ہے کہ جولی این جینٹر ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے سائیکل پر زور دیتی رہی ہیں اور ان کے فیس بک پیج پر ’آئی لو مائی سائیکل‘ کی پوسٹ موجود ہے اور انھوں نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے موقع پر بھی ہسپتال جانے لیے سائیکل کا سہارا لیا تھا۔سوشل میڈیا پر ان کے اس عمل کو سراہا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر آئرس سوٹر نے اس خبر کے ساتھ لکھا کہ ’پیدا کرنے کا جرات مندانہ معیار بڑھتا جا رہا ہے۔‘لیکن بعض لوگوں نے انھیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے کہ خطرہ مول لینے کی کیا ضرورت تھی بلکہ ایمبولینس بلائی جا سکتی تھی۔

Related Articles