امریکا کا چین کے ہائپر سونک میزائل تجربے پر اظہارِ تشویش
واشنگٹن ،نومبر۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے چین کی جانب سے ہائپر سونک میزائل تجربے پر سخت تشویش کا اظہار کردیا۔ انہوںنے کہاکہ چین کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکا اور روس کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو آواز کی رفتار سے 20گنا تیزی سے سفر کرتے ہیں۔ آسٹن نے چینی فوج کی صلاحیت کو امریکا کے لیے تیزی سے بڑھتا ہوا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ امریکا تمام شعبوں میں اپنی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دے رہا۔دوسری جانب امریکی کانگریس کے ارکان نے ملکی کمپنیوں کو چین سے مسابقت کے حوالے سے سازگارماحول فراہم کرنے کے حوالے سے قانونی کوششیں تیز کردیں۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹک جماعت کے رہنما چک شومر کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ اشیا کی پیداوار کے متعلق بل کو دفاعی اخراجات کی قانون سازی کے ساتھ ایوان میں پیش کیا جائے گا۔