کنگنا کے باغیانہ ریمارکس پر مبنی انسٹا گرام پوسٹ پر انکے خلاف مقدمہ درج

ممبئی،نومبر۔انڈین یوتھ کانگریس نے ہفتے کو بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے جس میں اداکارہ پر سوشل میڈیا میں مبینہ باغیانہ ریمارکس پوسٹ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔انڈین یوتھ کانگریس کے لیگل سیل کے سیکریٹری امریش رانجن پانڈے اور تنظیم کے شریک رابطہ کار امبوج ڈکشٹ نے نئی دہلی کے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن پر کنگنا کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔کنگنا کے خلاف یوتھ کانگریس نے جو مقدمہ درج کروایا اس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی کے جمعہ کو تین زرعی قوانین کی منسوخی کے اعلان کے بعد کنگنا رناوت نے اپنے انسٹا اسٹوریز پر کہا کہ ملک میں ڈکٹیٹر شپ کی ضرورت ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ کنگنا رناوت متنازع بیانات دینے کے حوالے سے مشہور ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد ہے جو 78 لاکھ سے زیادہ ہے، لہذٰا ان کے جان بوجھ کر اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور باغیانہ پوسٹ سے بھارت میں فتنہ انگیزی اور بے اطمینانی پھیل سکتی ہے۔دریں اثنا دہلی سکھ گردوارہ منیجمنٹ کمیٹی کے صدر اور شیرومنی اکالی دل کے رہنما منجندر سنگھ سرسا نے بھی کنگنا رناوت کے سکھوں کو ہدف بنانے پر مبنی توہین آمیز جملوں کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت ان کے خلاف ایکشن لے۔ منجندر سنگھ سرسا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کنگنا کو یا تو ذہنی مریضوں کے اسپتال یا پھر جیل میں ڈالا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان کے انسٹاگرام کے نفرت انگیز مواد پر ان کے خلاف سخت ایکشن لے۔

 

Related Articles