متحدہ کسان مورچہ نے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا

نئی دہلی، نومبر۔تین زرعی قوانین منسوخ کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے، متحدہ کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے کہا کہ وہ مناسب پارلیمانی طریقہ کار کے ذریعے اس اعلان کا انتظار کرے گا۔آج جاری ایک بیان میں متحدہ کسان مورچہ نے کہا ’’متحدہ کسان مورچہ اس فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے اور مناسب پارلیمانی طریقہ کار کے ذریعے اس اعلان کے نافذ ہونے کا انتظار کرے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ہندوستان میں ایک برس سے چل رہی کسانوں کی تحریک ایک تاریخی فتح ہوگی۔ تاہم، اس جدوجہد میں تقریباً 700 کسان شہید ہو چکے ہیں۔ لکھیم پور کھیری قتل واقعہ سمیت ان ٹالی جانے والی اموات کے لئے مرکزی حکومت کی ضد ذمہ دار ہے‘‘۔بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ کسان مورچہ وزیر اعظم نریندر مودی کو یہ بھی یاد دلانا چاہتا ہے کہ کسانوں کی یہ تحریک نہ صرف تین کالے قوانین کی منسوخی کے لیے ہے بلکہ تمام زرعی مصنوعات اور تمام کسانوں کے لیے مناسب قیمتوں کی قانونی ضمانت کے لیے بھی ہے۔ کسانوں کا یہ اہم مطالبہ ابھی باقی ہے۔ اسی طرح بجلی کا ترمیمی بل بھی واپس لینا باقی ہے۔ تمام پیش رفت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس کے ایم جلد ہی اپنی میٹنگ منعقد کرے گااور مزید فیصلوں کا اعلان کرے گا۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج زراعت کے تینوں قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا اور ایم ایس پی اور زیرو بجٹ فارمنگ کی سفارش کرنے کے لیے ایک کثیر جہتی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا اور ایم ایس پی اور زیرو بجٹ فارمنگ کی سفارش کرنے کے لیے ایک کثیر جہتی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔

 

Related Articles