شلپا شیٹی کیخلاف ایف آئی آر درج،کسی قسم کے لین دین سے واقف نہیں، اداکارہ
ممبئی ،نومبر۔بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی اوران کے شوہر راج کندرا کی پریشانیاں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔اداکارہ کے خلاف ایک تاجر کی شکایت پرایف آئی آردرج کی گئی ہے جس میں شلپا کے علاوہ ان کے شوہر راج کندرا، کاشف خان نامی شخص اور چند دیگرافراد بھی نامزد ہیں۔ شکایت کنندہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے سال 2014 میں ایس ایف ایل فٹنس کمپنی میں 1کروڑ 50 لاکھ کی سرمایہ کاری کی تھی جس کے بدلے اس سے منافع کا وعدہ کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق جب پونے میں فرنچائز، جم اور سپا کھولنے کا منصوبہ پورانہ ہونے پراس نے اپنی رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو اسے دھمکیاں دی گئیں۔شلپا نے اس ایف آئی آر کا جواب خود کو منصوبے سے الگ کرتے ہوئے دیا ہے۔شلپا کا کہنا ہے کہ راج اور میرے نام پر درج ایف آئی آر نے مجھے جگادیا، ریکارڈ کی درستگی کیلئے، ایس ایف ایل فٹنس کاشف خان کی جانب سے چلایا جانے وال منصوبہ ہے جس نے ملک بھر میں فٹنس جم کھولنے کے لیے ایس ایف ایل برانڈ کے نام کے مالکانہ حقوق لے لیے تھے۔شلپا کا دعویٰ ہے کہ کاشف ہی معاملات کو چلاتا تھا، راج اور وہ کسی قسم کے لین دین سے واقف نہیں ہیں۔اداکارہ کے مطابق کمپنی 2014 میں بند ہوگئی تھی اور اسے مکمل طور پر کاشف خان نے سنبھالا۔ میں نے گزشتہ 28 سال میں بہت محنت کی ہے اور یہ دیکھ کر مجھے تکلیف ہوتی ہے کہ میرے نام اور شہرت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔شلپا نیبطور ایک قانون کی پاسداری کرنے والی شہری کے اپنے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔فحش مواد بنانے کے الزام میں راج کندرا کی گرفتاری کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب شلپا کا نام دھوکہ دہی کے معاملے میں سامنے آیا ہے۔