حکومت کے فیصلوں کے اثرات بڑھانے میں آر بی آئی کے فیصلے مددگار بنے: مودی

نئی دہلی، نومبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے فیصلوں کو بینکنگ سیکٹر کو مضبوط بنانے کے مقصد سے حکومت کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کے اثرات کو بڑھانے میں مددگار قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ برسوں میں بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کی طاقت کو کورونا وبا کے دوران قوم نے دیکھی ہے اور اسے یقین ہے کہ آر بی آئی ایک حساس اور سرمایہ کار دوست مقام کے طور پر ہندوستان کی نئی شناخت کو مضبوط کرتا رہے گا۔مسٹر مودی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریزرو بینک کی دو سہولیات کا افتتاح کیا، جس کے ذریعے اب عام آدمی مرکزی بینک سے براہ راست سرکاری بانڈ خرید سکے گا اور اس میں اپنا پیسہ لگا سکے گا۔ دوسری خصوصیت پورے ملک کے لیے آر بی آئی کی مربوط محتسب اسکیم ہے۔ اس کے تحت صارفین ایک جگہ سے کہیں بھی ڈیجیٹل میڈیم کے ذریعے بینکنگ خدمات سے متعلق اپنی شکایات درج کراسکیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوآپریٹیو بینکوں کو بھی آر بی آئی کے دائرہ کار میں لایا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے ان بینکوں کی گورننس میں بھی بہتری آرہی ہے اور لاکھوں ڈپازٹرز کا اس سسٹم پر اعتماد بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ملک کے بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں جامعیت سے لے کر تکنیکی انضمام اور دیگر اصلاحات کی گئی ہیں۔ ہم نے کووڈ کے اس مشکل وقت میں بھی ان کی طاقت دیکھی ہے۔ آر بی آئی کے فیصلوں نے ان بڑے فیصلوں کے اثر کو بڑھانے میں بھی مدد کی ہے جو حکومت لے رہی تھی۔مسٹر مودی نے کہاکہ ’’بینکنگ، پنشن، انشورنس، سب کچھ چھ سات سال پہلے تک ملک میں ایک خصوصی کلب کی طرح ہوا کرتا تھا۔ ملک کے عام شہری، غریب خاندان، کسان، چھوٹے تاجر-کاروباری، عورتیں، دلت-محروم-پچھڑے، یہ تمام سہولیات ان سب کے لیے بہت دور تھیں۔ یہ سہولتیں غریبوں تک پہنچانے کی ذمہ داری جن لوگوں کی تھی انہوں نے بھی کبھی اس طرف توجہ نہیں دی بلکہ نہ بدلنے کے لیے طرح طرح کے بہانے بنائے گئے۔ کہا گیا کہ نہ کوئی بنک برانچ ہے، نہ ملازمین، نہ انٹرنیٹ، نہ آگاہی۔ نہ جانے کیا کیا دلائی دیتے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں غیر فعال اثاثوں (این پی اے) کی شفافیت کے ساتھ نشاندہی کی گئی۔ ان کے حل اور بحالی پر توجہ دی گئی۔ پبلک سیکٹر کے بینکوں میں دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی مالیاتی نظام اور پبلک سیکٹر کے بینکوں میں ایک کے بعد ایک اصلاحات کی گئیں۔مسٹر مودی نے بتایاکہ’’ہمیں ملک کی ضروریات اور ملک کے شہریوں کو مرکز میں رکھنا ہے۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مسلسل مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آر بی آئی ایک حساس اور سرمایہ کار دوست منزل کے طور پر ہندوستان کی نئی شناخت کو مضبوط کرتا رہے گا۔ امرت مہوتسو کا یہ دور 21ویں صدی کا یہ عشرہ ملک کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔ ایسے میں آر بی آئی کا رول بھی بہت بڑا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ٹیم آر بی آئی ملک کی توقعات پر پورا اترے گی۔

Related Articles