جون پور کے قریب مال گاڑی کی 21 بوگیاں الٹ گئیں، وارانسی-سلطان پور ریل روٹ بلاک
جون پور، نومبر۔اترپردیش کے ضلع جونپور میں جمعرات کی صبح سلطان پور سے مغل سرائے جانے والی مال گاڑی کی 21 بوگیاں شری کرشنا نگر (بدلہ پور) ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اُد پور گھاٹم پور کے قریب الٹ گئیں جس کی وجہ سے جونپور- وارانسی ریل روٹ پر ریل آمدورفت بند ہونے کی وجہ سے اس روٹ پر چلنے والی ٹرینیں اپنی جگہوں پر کھڑی کردی گئی ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق مال گاڑی مغل سرائے سے کوئلہ لانے کے لیے صبح 6:58 بجے سلطان پور سے روانہ ہوئی۔ مال گاڑی میں 59 بوگیاں تھیں۔ یہ مال گاڑی سری کرشن نگر (بدلہ پور) ریلوے کراسنگ کو عبور کرنے کے بعد صبح 7:58 بجے اُد پور گھاٹم پور کے قریب پہنچی ہی تھی کہ اچانک کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ٹرین کی تیز رفتاری کے باعث آگے سے 16 اور پیچھے سے 21 کو چھوڑ کر باقی 21 بوگیاں الٹ گئیں۔ریلوے حکام کے مطابق مال گاڑی کے ڈرائیور اے کے چوہان اور گارڈ سنجے یادو محفوظ ہیں۔ اس واقعہ کی وجہ سے وارانسی-سلطان پور ریل روٹ بلاک ہو گیا ہے۔ اس راستے سے نکلنے والی مہامنا ایکسپریس اور سلطان پور جونپور وارانسی مسافر ٹرین راستہ میں ہی کھڑی ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پی ڈبلیو آئی جونپور برجیش یادو نے بتایا کہ یہ واقعہ سلطان پور سے مغل سرائے جانے والی باکسن مال گاڑی کے کسی ڈبے کا پہیہ جام ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ جیسے ہی مال گاڑی شری کرشنا نگر اسٹیشن کے سامنے آؤٹر پر ٹریک کی تبدیلی کے لیے آگے بڑھی تو اچانک اس کا ایک ڈبہ الٹ گیا۔اس واقعہ کی وجہ سے وارانسی-لکھنؤ- براستہ ظفرآباد ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع شمالی ریلوے کے لکھنؤ ڈویژن کے اعلیٰ حکام کو دے دی گئی ہے۔ مقامی ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔