جی جی حدید اور زین ملک کے درمیان ایک مرتبہ پھر علیحدگی کی خبریں
لندن،اکتوبر۔اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کے ایک سال بعد پاکستانی نڑاد برطانوی گلوکار 28 سالہ زین ملک اور فلسطینی نڑاد امریکی ماڈل 26 سالہ جی جی حدید کے درمیان علیحدگی کی خبریں ہیں۔دونوں نے تاحال شادی نہیں کی لیکن دونوں کئی سال سے تعلقات میں ہیں اور ستمبر 2020 میں ان کے ہاں بیٹی ’خائی حدید‘ کی پیدائش ہوئی تھی۔معروف امریکی میگزین ’پیپلز‘ نے مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جی جی حدید اور زین ملک کے درمیان مبینہ طور پر بیٹی کی پرورش کے معاملے پر تنازعات ہوئے، جس کے بعد دونوں الگ ہوگئے۔رپورٹ میں دوسری ویب سائٹس کی خبروں کا حوالہ بھی دیا گیا اور بتایا کہ بعض نشریاتی اداروں کے مطابق زین ملک نے اپنی ساس یلنڈا حدید پر مبینہ تشدد بھی کیا تھا۔برطانوی اخبار ’دی سن‘ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یلنڈا حدید نے دعویٰ کیا کہ ان پر داماد نے تشدد کیا اور وہ ان کے خلاف پولیس رپورٹ درج کروانے کا ارادہ بھی رکھتی تھیں۔رپورٹ میں مختلف ذرائع اور دوسری ویب سائٹس کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مذکورہ معاملے کے بعد زین ملک اور جی جی حدید کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق زین ملک اور یلنڈا حدید کے درمیان بیٹی کی پروش کے معاملے پر چپقلش ہونے کے بعد ہی مسئلہ بڑھ گیا۔امریکی و برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق زین ملک نے بھی ٹوئٹ کی اور بتایا کہ انہوں نے میڈیا رپورٹس میں پڑھا کہ ان کے اور ان کی ساس کے درمیان جھگڑا ہوا ہے۔انہوں نے میڈیا رپورٹس کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور لکھا کہ ایسی خبریں بھی دی گئیں کہ بیٹی کی پرورش کے بعد زین ملک اور جی جی حدید میں علیحدگی ہوگئی۔گلوکار نے اپنی طویل ٹوئٹ میں لکھا کہ جیسا کہ سب لوگ جانتے ہیں کہ وہ معاملات کو نجی سطح پر رکھنے کے حمایتی ہیں اور وہ ایک ہی خاندان کے تمام افراد کے مسائل کو بھی ذاتی رکھنے کے حق میں ہوتے ہیں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ بیٹی کی پرورش کے معاملات نجی رکھنے کے حوالے سے ان کی بحث خاندان کے ایک فرد کے ساتھ ہوئی اور انہوں نے اس مسئلے سے بچنے کے لیے خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔زین ملک نے یہ بھی لکھا کہ بیٹی کی پرورش کے معاملے پر بحث کا مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب کہ ان کی پارٹنر یعنی (جی جی) حدید ان سے کئی ہفتوں سے ان سے دور تھیں۔گلوکار نے لکھا کہ مذکورہ معاملہ اب بھی ان کا نجی مسئلہ ہے اور ان کی کوشش ہے کہ اسے ذاتی طور پر خاندان میں ہی حل کیا جائے اور یہ کہ وہ والد ہونے کے ناتے بیٹی کی پرورش کے حوالے سے ماں جتنے ہی ذمہ دار ہیں۔انہوں نے لکھا کہ کچھ بھی ہوجائے وہ اپنی بیٹی ’خائی حدید‘ کی پرائیویسی اور بہتر پرورش کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔زین ملک نے ٹوئٹ میں واضح نہیں کیا کہ جی جی حدید ان سے کیوں دور ہوئیں اور کیا واقعی انہوں نے اپنی ساس یلنڈا حدید پر ہاتھ اٹھایا یا ان کے ساتھ بدتمیزی کی لیکن انہوں نے ایسی خبروں کو افواہ قرار دیا۔یہاں یہ بات یاد رہے کہ اگرچہ جی جی حدید اور زین ملک کے ہاں ستمبر 2020 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی لیکن تاحال دونوں نے واضح طور پر اپنی شادی کی تصدیق نہیں کی ہے۔دونوں کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے تھے لیکن 3 سال بعد 2018 میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔دو سال کی علیحدگی کے بعد 2020 کے آغاز میں دونوں کے درمیان صلح ہونے کی خبریں آئیں اور انہیں ایک ساتھ دیکھا گیا اور بعد ازاں دونوں نے ستمبر 2020 میں اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش ہونے کی تصدیق کی۔لیکن اب بیٹی کی پیدائش کے ایک سال بعد خبریں آ رہی ہیں کہ دونوں کے درمیان بچی کی پیدائش و تربیت کے حوالے سے اختلافات کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔