کانگریس تنہا لڑے گی یوپی انتخابات:خورشید
سہارنپور،اکتوبر۔ سابق وزیر خارجہ و کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس تنہا انتخابی میدان میں اترے گی۔مسٹر خورشید نے منگل کو میڈیا نمائندوں سے کہا کہ پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی خواتین کو 40فیصدی اسمبلی ٹکٹ دینے کا اعلان ، طالبات کو اسمارٹ فون اور اسکوٹی دینے، کسانوں کا قرض معاف اور مزدور طبہ کا خاص دھیان رکھے جانے کی باتوں کا عوام پر مثبت اثر ہورہا ہے۔ کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو 10لاکھ روپئے تک کا لوگوں کے طبی خرچ کو حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی یہ پرتگیہ یاترا پرینکا گاندھی واڈرا کی اپیل پر ہفتہ کو سہارنپور کے بیہٹ سے شروع کی گئی۔ یاترا کی خاص بات یہ ہے کہ سہارن پور کے سابق ایم ایل اے اور کانگریس کے سکریٹری عمران مسعود پرتگیہ یاترا میں پوری طرح سے شریک رہے۔ کانگریس لیڈروں کو بھروسہ ہے کہ عمران مسعودکانگریس پارٹی کو ہی اپنی خدمات دیتے رہیں گے۔پرتگیہ یاترا دیوبند سے ہوتے ہوئے مظفر نگر کے لئے روانہ ہوگئی۔ اس یاترا میں سماج کے سبھی طبقات شرکت کررہے ہیں۔