آریان خان کو سیاست کی آڑ میں استعمال کیا جارہا ہے: موسیقار وشال دادلانی
ممبئی،اکتوبر۔معروف بھارتی موسیقار وشال دادلانی کا بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری پر کہنا ہے کہ آریان خان کو ادانی پورٹ اور لاکھیمپور خیری میں ہونے والے بیگناہ کسانوں کے قتل کے معاملے کو دبانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔وشال دادلانی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے منشیات کیس پر بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شاہ رخ خان سے اس مشکل وقت میں یکجہتی کے بارے میں پوچھنے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اگر موسیقار کی حمایت بھی اہمیت رکھتی ہے تو وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘وشال دادلانی نے آریان خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ رخ خان اور ان کی فیملی کو ادانی پورٹ سے ہونے والی 3000 کلو گرام منشیات کی ترسیل اور بی جے پی ممبر اور ایم ایل اے کے بیٹے کے ہاتھوں بیگناہ احتجاج کرنے والے کسانوں کے قتل کے معاملے سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔‘واضح رہے کہ جمعہ کے دن ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان اور دیگر 2 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ایک کروز پر پارٹی کے دوران چھاپا مارا تھا اور آریان خان سمیت 18 افرد کو حراست میں لیا تھا۔این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان پر این سی بی نے منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھا، جس سے پہلے شاہ رخ کے صاحبزادے نے انکار کیا اور بعدازاں اس کا اعتراف کرلیا۔این سی بی کے چھاپے میں پکڑے گئے افراد میں آریان خان کے قریبی دوست ارباز مرچنٹ، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چھوکر اور گومیت چوپڑا و دیگر شامل ہیں۔مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے 1روز پھر 3 روز اور آخر میں 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا۔