اتر پردیش مجرموں کی جنت بن چکا ہے
ریاست میں چوری ، قتل ، خواتین اور دلتوں کے خلاف جرائم عام ہو گئے
دہلی-ستمبر-اتر پردیش کی انچارج اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے ہفتہ کو کہا کہ یوگی حکومت ، جو اتر پردیش کو جرائم سے پاک” بنانے کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی ، نے اسے جرائم سے پر ریاست بنادیاہے۔انہوں نے کہا کہ آج اتر پردیش مجرموں کی جنت بن چکا ہے اور ریاست میں چوری ، قتل ، خواتین اور دلتوں کے خلاف جرائم عام ہو گئے ہیں۔ ریاست کی یوگی حکومت بے بس ہوچکی ہے اور ان جرائم کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔محترمہ گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق خواتین اور دلتوں کے خلاف جرائم ، قتل اور اغوا کے پرتشدد جرائم میں یوپی سرفہرست ہے۔ ریاستی حکومت کے دعوؤں کے برعکس اتر پردیش میں جرائم راج اپنے عروج پر ہے۔اس کے ساتھ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کا ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرائم فری اسٹیٹ کا وعدہ تھا لیکن وزیراعلی نے اتر پردیش کو کرائم سے پر ریاست بنا دیا۔این سی آر بی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے ریاست کے انچارج اور جنرل سکریٹری نے کہا کہ ریاست میں قتل کے 3779 ، دلتوں کے خلاف جرائم کے 12714 ، خواتین کے خلاف جرائم کے 49385 اور تشدد کے 51983 واقعات ہوئے ہیں۔