چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ کے والد کے خلاف سماجی نفرت پھیلانے پرمعاملہ درج
رائے پور ، 5 ستمبر,چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کے آج سے قانون سے اوپرکوئی نہیں ہونے کےبیان کے فورا بعد پولیس نےان کے والد نند کمار بگھیل کے خلاف سماجی نفرت پھیلانے کا معاملہ درج کر لیا ۔ ڈی ڈی نگر تھانے میں برہمن برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد نے وزیراعلیٰ کے والد نندن کمار کے خلاف ان کے برہمنوں کے خلاف دیے بیان کی وائرل ہو رہی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے دفعہ 153 ( اے) اور دفعہ 505 کے تحت معاملہ درج کرایا ۔ ان پر برادری کے درمیان جان بوجھ کر سماجی نفرت پھیلانے اوربرادریوں میں دشمنی ، نفرت اور دشمنی کے جذبات پیدا کرنے کا الزام ہے ۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ مسٹر بگھیل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد مسٹر نند کماربگھیل کی طرف سے ایک مخصوص طبقے کے خلاف کئے گئے تبصرے سے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا ہے اور ان کے بیان سے مجھے بھی دکھ ہوا ۔ انہوں نے کہا مجھے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے معلوم ہوا کہ یہ بات کہی جا رہی ہے کہ میرے والد کی حیثیت سے ان کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی ۔ وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے ۔ان کی حکومت سب کو ایک ہی نظر سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والد سے ان کے نظریاتی اختلافات شروع سے ہیں، یہ سب جانتے ہیں ۔ ہمارے سیاسی نظریات اور عقائد بھی بالکل مختلف ہیں ۔ ایک بیٹے کی حیثیت سے میں اس کا احترام کرتا ہوں لیکن ایک وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے میں ان کی کسی بھی ایسی غلطی کومعاف نہیں کرسکتا جو کہ امن و امان کو خراب کرنے والی ہو ۔