دیپیکا پڈوکون ہالی وڈ فلم پروڈیوس کرنے کے ساتھ اداکاری بھی کریں گی


ممبئی،۲؍ستمبر-بالی وڈ کی مقبول اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے حال ہی میں ہالی وڈ فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ فلم پروڈیوس کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام سے منگل کو ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی ‘ایس ٹی ایکس انٹرٹینمنٹ’ کے ساتھ مل کر رومانوی کامیڈی فلم پیش کریں گی۔شوبز کی ویب سائٹ ‘ڈیڈ لائن’ کی رپورٹ کے مطابق دیپیکا پڈوکون ‘ایس ٹی ایکس فلمز’ اور ‘ٹیمپل ہل’ کی آنے والی فلم میں اداکاری کے ساتھ ساتھ اسے پروڈیوس بھی کریں گی جو ‘کا پروڈکشنز’ کے بینر تلے پیش کی جائے گی۔ڈیڈلائن کی رپورٹ کے مطابق ہالی وڈ فلم ‘دی فالٹ ان اور اسٹارز’ اور معروف فلم سیریز ‘ٹوائیلائٹ’ پروڈیوس کرنے والی کمپنی ‘ٹیمپل ہل پروڈکشنز’ کے سربراہ و پروڈیوسر وِک گوڈ فری اور مارٹی بوون اس پروجیکٹ کی تیاری سے متعلق بات چیت کر رہے ہیں۔فلم پروڈیوسر آئزیک کلاؤسنر ‘ٹیمپل ہل’ کے پروجیکٹ کی نگرانی کر رہے ہیں جب کہ رومانوی کامیڈی فلم کی وسیع ثقافتی کہانی اداکارہ دیپیکا پڈوکون پر مرکوز ہو گی۔ڈیڈ لائن کے مطابق ‘ایس ٹی ایکس فلمز موشن پکچر گروپ’ کے چیئرمین ایڈم فوگلسن کا کہنا ہے کہ "دیپیکا با صلاحیت ہونے کے ساتھ بہترین شخصیت کی مالک ہیں اور یہ ایک بین الاقوامی سپر اسٹار کی حیثیت سے پروان چڑھ رہی ہیں۔”ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم دیپیکا اور ٹیمپل ہل کے ساتھ رومانوی کامیڈی پروجیکٹ تیار کرنے کے لیے بے حد پْر جوش ہیں۔دوسری جانب اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے شوبز ویب سائٹ ‘ڈیڈلائن’ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ "کے اے پروڈکشنز کی بنیاد رکھنے کا مقصد ایسا مواد تیار کرنا تھا جو معنی خیز اور عالمی سطح پر اثر رکھنے والا ہو۔”دیپیکا پڈوکون ایوارڈ وصول کرتے ہوئے۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایس ٹی ایکس فلمز اور ٹیمپل ہل پروڈکشنز کے ساتھ شراکت داری کرنے پر پْر جوش ہیں۔واضح رہے کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے 2017 میں ریلیز ہونے والی ایکشن فلم ‘ٹرپل ایکس: ریٹرن آف زینڈر کیج’ کے ذریعے ہالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔اداکارہ ڈیپیکا پڈوکون اپنی پروکشن کمپنی ‘کا پروڈکشنز’ کے بینر تلے فلم ‘چھپک’ پروڈیوس کر چکی ہیں جس میں انہوں نے تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی خاتون کا کردار ادا کیا تھا۔علاوہ ازیں ‘کا پروڈکشن’ کی آنے والی فلموں میں ’83 دی فلم’ اور ‘دی انٹرن’ شامل ہیں۔

 

Related Articles