سلامتی کونسل کی آرمینیا اور آذربائیجان سے فوری جنگ بندی کی اپیل

اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نگورنو قاراباخ خطے میں آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین جاری خونریز جھڑپ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک سے فوری طور پر جنگ بندی پر عمل درآمد اور مذاکرات شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ میں نائیجیریا کے سفیر عبدؤواباری نے منگل کو جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔
اس سے قبل نگورنو-قاراباخ خطے میں آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین شروع ہونے والے پرتشدد تنازع پر تبادلہ خیال کے لئے سلامتی کونسل کے بند دروازوں کے اندر ایک میٹنگ ہوئی تھی۔
بیان کے مطابق سلامتی کونسل کے ممبران نے نگورنو قاراباخ خطے میں’ لائن آف کنٹیکٹ‘ پر دونوں ممالک کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سلامتی کونسل کے ممبران نے آرمینیا اور آذربائیجان سے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس کی اپیل کی حمایت کی ہے جس میں میں سکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ وہ نگورنو قاراباخ خطے میں فوری طور پر جنگ بندی پر عمل درآمد کریں اور بغیر کسی تاخیر کے مذاکرات کا آغاز کریں۔
اس خونریز جھڑپ میں لوگوں کی ہلاکت پر سلامتی کونسل نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

 

Related Articles