ایک دن میں کورونا کے ایک لاکھ سے زیادہ مریض شفایاب ، ایکٹیو کیسز میں زبردست کمی
نئی دہلی ، ملک میں کورونا وائرس سے شفایابی حاصل کرنے والوں کی تعداد متاثرین سے زیادہ رہنے کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی بار ایک لاکھ سے زیادہ افراد نے جان لیواوبا کو شکست دی ، جس کی وجہ سے ایکٹیو کیسز میں تیزی سے کمی آئی ہے اور ان کی تعداد کم ہو کر 10 لاکھ رہ گئی۔
منگل کے روز صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1،01،468 مریض صحت مند ہوئے جس سے شفایاب مریضوں کی مجموعی تعداد 44،97،868 ہوگئی۔ اس سے قبل ہفتہ کو 95،880 ا، اتوار کے روز 94،612 اور پیر کے روز 93،356 کورونا مریض شفایاب ہوئے تھے۔ وائرس کے نئے کیسز کے مقابلہ میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہونے سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی تعداد میں 27،438 کی کمی واقع ہوئی ہے اور اب کورونا کے نئے کیسز کے مقابلے میں صحت مند مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے سے یہ 9،75،861 رہ گئی ہے۔ فعال کیسزمیں ہفتہ کو 3790 ، اتوار کو 3140 اور پیر کو 7525 کمی واقع ہوئی تھی ۔