بارہمولہ انکائونٹر: لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجو جان بحق، آپریشن ہنوز جاری:پولیس
سری نگر،مئی۔شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کرہامہ کنزر علاقے میں ہفتے کی صبح سیکورٹی فورسز اورجنگجوئوں کے درمیان تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو مارا گیا۔کشمیر زون پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر سلسلہ وار ٹویٹس میں اس انکائونٹر کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہ بارہمولہ کے کنزر علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو مارا گیا جبکہ تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔انہوں نے مہلوک جنگجو کی شناخت عابد وانی ولد محمد رفیق وانی ساکن یار ہول بابا پورہ کولگام کے بطور کی۔پولیس نے بتایا کہ مہلوک جنگجو لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم کے ساتھ وابستہ تھا اور اس کی تحویل سے ایک اے کے47 رائفل اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ یہ ضلع بارہمولہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والا دوسرا انکائونٹر ہے۔پولیس کے مطابق جمعہ کے روز وانی گام پائین میں تصادم آرائی کے دوران دو جنگجو مارے گئے تھے۔