کھلاڑیوں سے ملنے جنتر منتر پہنچیں پرینکا، برج بھوشن کو ہٹانے کا مطالبہ
نئی دہلی، اپریل ۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج یہاں جنتر منتر پر احتجاج کرنے والی خواتین پہلوانوں سے ملاقات کی اورانہیں انصاف دینے کے لیے سب سے پہلے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن سنگھ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔خواتین کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد محترمہ واڈرا نے نامہ نگاروں سے کہا کہ پورا ملک دھرنا دے رہی کھلاڑیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑاہے اور وہ خود انصاف کی اس لڑائی میں پوری طرح ان خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی یہ بیٹیاں میڈل جیت کر آتی ہیں تو ہم سب کو فخر ہوتا ہے لیکن آج وہی بیٹیاں سڑک پر بیٹھی انصاف مانگ رہی ہیں تو کوئی سننے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑی جس شخص کے خلاف الزامات لگا رہی ہیں وہ بااثر عہدے پر ہے اور اسے اقتدار کی سرپرستی حاصل ہے۔ ایسے میں ان کو انصاف دلانے کے لیے ضروری ہے کہ ملزم کو پہلے اس کے عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ وہ عہدے کا غلط استعمال کر کے کھلاڑیوں پر دباؤ نہ ڈال سکے۔انہوں نے کہا کہ جس شخص پر یہ خواتین الزامات لگا رہی ہیں وہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کا صدر ہے اور انہوں نے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے لیکن اب تک ان کھلاڑیوں کو ایف آئی آرکی کاپی نہیں ملی ہے۔ ایف آئی آر میں کیا لکھا ہے یہ تب ہی معلوم ہو سکے گا جب اس کی کاپی دستیاب ہو گی۔