ترک صدر ایردوآن کی لائیو نشریات کے دوران اچانک طبیعت بگڑ گئی

انقرہ،اپریل۔ترک صدارتی ترجمان ابراہیم قالن نے کہا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوآن کی طبیعت اب ٹھیک ہے۔منگل کی شام ایردوآن مقامی ٹیلی ویڑن چینلز کے ساتھ براہ راست انٹرویو دے رہے تھے جب اچانک ان کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انٹرویو روک دیا گیا۔براہ راست نشریات میں طویل وقفے کے بعد ایردوآن واپس آن ائیر آئے اور کہا کہ آج مہم میں بہت کام تھا، اس لیے مجھے گیسٹرائٹس ہو گیا، میں نے پروگرام منسوخ کرنے کا بھی سوچا۔ لیکن ہم واپس آ گئے ہیں۔ میں آپ سے اور اپنے ناظرین سے معذرت خواہ ہوں۔ تاہم ، اس طویل وقفے نے ناظرین کو تشویش اور تذبذب میں مبتلا کر دیا، سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی قیاس آرائیوں کے درمیان لوگ حیران تھے اور جاننا چاہتے تھے کہ ترک صدر کے ساتھ کیا ہوا۔اس دوران ترک صدارتی انتخابات میں حزب اختلاف کے واحد امیدوار کمال کلیچ دار اوغلو نے بھی صدر رجب طیب ایردوآن کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ گڈ پارٹی کی رہنما میرال اکسینر نے بھی ترک صدر کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔صدارتی ترجمان ابراہیم قالن نے اپنے آفیشل ٹویٹر پیج پر بھی لکھا ہے کہ ہمارے صدر، خدا کا شکر ہے، خیریت سے ہیں۔

Related Articles