اعظم گڑھ:پرائیویٹ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار،پائیلٹ کی موت
اعظم گڑھ: اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے سرائے میرے علاقے میں پیر کو ایک پرائیویٹ ٹریننگ کمپنی کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا جس میں سوار پائیلٹ کی موت ہوگئی۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدھیر کمار سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ علاقے کے منجیت پٹی کوسہاں کے جنگل میں صبح تقریبا 1050 بجے ہیلی کاپٹر کے حادثے کا شکار ہونے سے افرا تفری مچ گئی۔ کریش ہونے والا ہیلی کاپٹر پوری طرح سے جل گیا ہے اور اس میں سوار پائیلٹ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر رائے بریلی کے فرست گنج میں واقع اندرا گاندھی انٹرنیشنل پائلٹ اکادمی کا بتایا جارہا ہے جو تربیتی اڑان پر مئو جارہا تھا۔ راستے میں اس کا رابطہ ٹوٹ گیا اور کریش ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں صرف ایک لاش ملی ہے ممکنہ طور سے وہ پائلٹ کی لاش ہوحالانکہ ابھی تک آفیشیل تصدیق ہونی باقی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع واردات کو چاروں طرف سے گھیر دیا ہے۔
چشم دیدوں کے مطابق حادثے کے وقت تیز بارش ہورہی تھی اور بجلی چمکنے کے ساتھ ہی ہیلی کاپٹر ہوا میں لڑکھڑاتے ہوئے زمین پر گرگیا اور تیز آواز کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔