محنت اصلاحات سے متعلق تین بل لوک سبھا میں پیش
نئی دہلی، محنت اور روزگار کے وزیر سنتوش گنگوار نے لوک سبھا میں محنت قوانین میں وسیع اصلاحات سے منسلک تین اہم بل اوکیوپیشنل سیفٹی، ہیلتھ اینڈ ورکنگ کوڈ۔2020، انڈسٹریل ریلیشنز کوڈ۔2020 اور سوشل سیکورٹی کوڈ 2020پیش کئے۔
مسٹر گنگوار نے اس سے پہلے ایوان کی اجازت سے گزشتہ برس پیش اوکیوپیشنل سیفٹی، ہیلتھ اینڈ ورکنگ کوڈ۔2019، انڈسٹریل ریلیشنز کوڈ۔2019 اور سوشل سیکورٹی کوڈ 2019سے متعلق بل واپس لیا۔
کانگریس کی طرف مسٹر منیش تیواری اور مسٹر ششی تھرور نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ان بلوں کی شکل و صورت تبدیل ہوچکی ہے لہذا نئے سرے سے صلاح و مشورہ کیا جانا چاہئے۔ مسٹر تھرور نے تینوں بلوں پر اپنے اعتراضات سامنے رکھے تو ترنمول کانگریس کے کلیان بنرجی نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بل پیش کرنے کے وقت ہی اس کی اچھائی اور برائی پر بحث کی جائے گی تو بل پر بحث کے دوران کیا کیا جائے گا۔
ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی کے این کے پریم چندرن نے تکنیکی بنیاد پر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ بلوں کو پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس غور و خوض کے لئے بھیجا گیا تھا تو پارلیمانی کمیٹی کی اجازت کے بعد ہی انہیں واپس لیا جانا چاہئے۔