ملاوی، موزمبیق اور مڈغاسکر میں طوفان فریڈی نے تباہی مچا دی
بلانٹائر، مارچ ۔ملاوی، موزمبیق اور مڈغاسکر میں طوفان فریڈی کی تباہ کاریوں سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افریقی ملک ملاوی، موزمبیق اور مڈغاسکر میں سمندری طوفان فریڈی نے تباہی مچا دی، 136 افراد ہلاک ہو گئے، طوفانی ہواؤں سے سیکڑوں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔الجزیرہ کے مطابق ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ یہ طوفان جنوبی نصف کرہ میں ریکارڈ کیے گئے طاقت ور ترین طوفانوں میں سے ایک ہے، جو دوسری بار جنوبی افریقہ سے ٹکرایا ہے۔میڈیا نے لکھا کہ موزمبیق اور ملاوی نے پیر کے روز ٹراپیکل طوفان فریڈی کی قیمت چُکائی، جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوئے اور طوفان نے اپنے پیچھے تباہی کے زبردست نشانات چھوڑے، اس طوفان نے ایک ماہ میں دوسری بار جنوبی افریقہ کو چیر کر رکھ دیا ہے۔ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق یہ طوفان سب سے زیادہ دیر تک چلنے والا ٹراپیکل طوفان ہے۔طوفانی بارشوں نے ہفتے کے روز وسطی موزمبیق کو بری طرح گھیرے رکھا، جس سے سیکڑوں عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں، اس کے بعد ملاوی کی طرف اندرون ملک جانے سے پہلے کوئلیمانے کی بندرگاہ کے ارد گرد اس طوفان کی وجہ سے بڑے پیمانے کا سیلاب آیا، جہاں یہ طوفانی بارشوں کا سبب بنا اور اس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ملاوی میں بہت سے گھر ٹین کی چھتوں والے اور مٹی کے ہیں، جہاں زیادہ تر لوگوں کے زخمی ہونے کی وجہ درخت گرنا، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب رہی، گھروں کی چھتیں لوگوں کے سروں پر گرنے سے بہت سارے لوگ زخمی ہوئے۔آفات سے نمٹنے کے امور کے محکمے کے کمشنر چارلس کلیمبا نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ طوفان نے ملاوی میں 99 افراد کی جان لے لی ہے، جن میں 85 بلانٹائر کے اہم تجارتی مرکز میں ہلاک ہوئے۔ تاہم موزمبیق میں جانی و مالی نقصان کی مکمل تفصیلات ابھی تک واضح نہیں ہوئی ہیں، کیوں کہ متاثرہ علاقے کے کچھ حصوں میں بجلی کی سپلائی اور فون کے سگنل منقطع ہو گئے ہیں۔میڈیا کے مطابق موزمبیق، ملاوی اور مڈغاسکر میں طوفان فریڈی سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد اب 136 کے لگ بھگ ہے۔