ہانگ کانگ کی عوام کا اسٹار وارز کے اداکار کو آسکرز کی میزبانی سے ہٹانے کا مطالبہ

ہانگ کانگ،مارچ۔ ہانگ کانگ کی عوام نے اسٹار وارز کے اداکار ڈونی ین کو 95ویں اکیڈمی ایوارڈز کی میزبانی سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہزاروں لوگوں نے ہانگ کانگ کے اداکار ڈونی ین کو چینی حکومت کی حمایت پر آسکر ایوارڈز کی میزبانی سے ہٹانے کے لیے ایک پٹیشن پر دستخط کیے ہیں۔آن لائن پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ 2019 میں ہانگ کانگ میں ہونے والے مظاہروں پر اداکار کے تازہ ترین ریمارکس آزادی اظہار کی روح کی خلاف ورزی ہیں۔آن لائن پٹیشن میں عوام ڈونی ین کے بیانات کے حوالے سے انہیں چینی کمیونسٹ رجیم کا حامی قرار دیتے ہوئے انہیں آسکر میں ہانگ کانگ کی نمائندگی کرنے سے روکنے کیلئے آواز اْٹھا رہے ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ ڈونی ین کے بیانات ہانگ کانگ کے لوگوں کے جمہوریت اور آزادی کیلئے جدوجہد کی کوشش کو مجروح کرتے ہیں اور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ ڈونی ین نے 2019 کے دوران ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حق میں ہونے والے مظاہروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ احتجاج نہیں بلکہ فسادات ہیں۔تاہم اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسزکی جانب سے ہانگ کانگ کے عوام کی اس درخواست پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔یاد رہے کہ ڈونی ین ایک عالمی شہرت یافتہ ایکشن اسٹار ہیں جنہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ہانگ کانگ کی عوام کے احتجاج کو فساد قرار دیا۔ ہانگ کانگ کے عوام کی جانب سے دائر کردہ آن لائن پٹیشن پر 84,000 سے زائد لوگ دستخط کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ اسٹار وارز کے اداکار کو 95ویں اکیڈمی ایوارڈز میں ہانگ کانگ کی نمائندگی کیلئے بطور میزبان مدعو کیا گیا تھا جو 12 مارچ کو لاس اینجلس میں منعقد ہوگا۔

 

Related Articles