کرس راک کا میگھن کے شاہی خاندان پر لگائے گئے الزامات پر مزاحیہ تبصرہ
لاس اینجلس،مارچ۔معروف امریکی کامیڈین، اداکار اور فلمساز کرسٹوفر جولیس راک المعروف کرس راک نے میگھن مارکل کی جانب سے برطانوی شاہی خاندان پر لگائے گئے نسل پرستی کے الزامات پر مزاحیہ تبصرہ کیا ہے۔کرس راک نے میگھن مارکل کے 2021ء میں اوپرا ونفری کو دیے گئے انٹرویو پر مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میگھن مارکل کو شاہی خاندان سے شکایت ہے کہ وہ نسل پرست ہیں تو میں ان سے یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ کو شادی سے پہلے شاہی خاندان کے بارے میں جاننے کے لیے گوگل سے تھوڑی مدد لے لینی چاہیئے تھی۔اْنہوں نے کہا کہ وہ شاہی خاندان ہے وہی تو اصل نسل پرست ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں سیاہ فام لوگوں کو اپنا غلام بنانے کے لیے سرمایہ کاری بھی کی۔اْنہوں نے مزید کہا کہ میگھن مارکل کے شاہی خاندان کے بارے میں کیے گئے یہ دعوے سن کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے ایک اچھی عورت کچھ شکایات کررہی ہے لیکن کیا وہ ایک سفید فام سے شادی ہونے پر خود کو خوش قسمت نہیں سمجھتیں؟اْنہوں نے مزید کہا کہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان پر نسل پرست ہونے کے الزامات اس لیے لگائے کیونکہ اس خاندان میں کچھ لوگ آرچی کی پیدائش سے قبل اس بات پر فکر مند تھے کہ بچے کی رنگت کتنی گندمی ہوگی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ نسل پرستی نہیں ہے۔کرس راک نے مزاحیہ انداز میں اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کیونکہ سیاہ فام لوگ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے بچے کی رنگت کتنی گندمی ہوگی بلکہ ہم تو بچے کے کانوں کے پیچھے سے بھی اس کی رنگت کا معائنہ کرتے ہیں۔اْنہوں نے تھوڑا سنجیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میگھن مارکل اپنی زندگی میں کن مشکلات سے گزر رہی ہیں کیونکہ ایک سیاہ فام لڑکی کو اس کے سفید فام سسرالیوں کی جانب سے قبول کیے جانا بہت مشکل ہے لیکن یہ اتنا زیادہ بھی مشکل نہیں ہے جتنا کہ ایک سفید فام لڑکی کو اس کے سیاہ فام سسرالیوں کی جانب سے قبول کیا جانا ہے۔