مصر: اسکندریہ کے آسمان پر عجیب نیلا رنگ نمودار ، لوگ زلزلہ کے خوف میں مبتلا
قاہرہ ،فروری۔شمالی مصر میں اسکندریہ گورنریٹ کے آسمان میں ایک عجیب نیلے رنگ کے نمودار ہونے سے خوف و ہراس پھیل گیا، خاص طور پر یہ منظر گورنریٹ کے کئی علاقوں میں نظر آیا ، مصری گورنریٹس کے رہائشیوں نے پیر کی شام آسمان پر نیلا رنگ دیکھا۔سوشل میڈیا صارفین نے اسکندریہ کے آسمان میں ایک عجیب نیلے رنگ کی ظاہری شکل کی تصاویر بڑے پیمانے پر شیئر کیں۔ صارفین نے ساتھ خبردار بھی کیا کہ ترکیہ میں حالیہ زلزوں میں ایسے ہی مناظر دیکھے گئے تھے۔ اس صورتحال میں اسکندریہ اور مصر کے شہریوں میں بھی خوف پھیل گیا۔ ساحلی مصری گورنریٹ کے مختلف علاقوں میں یہ منظر متعدد مرتبہ دیکھا گیا۔ لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ مناظر زلزلہ کے قریب آنے کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ماہرین نے کہا ہے کہ آسمان پر ایسے نظار ے دیکھ کر زلزلوں کی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔مصر میں میٹرولوجیکل اتھارٹی کے میڈیا سنٹر کے رکن ڈاکٹر محمود القیاتی نے کہا ہے کہ اتھارٹی نے اسکندریہ شہر کے آسمان میں نیلی روشنی کی موجودگی کے حوالے سے مواصلاتی ویب سائٹس پر شائع کی گئی پوسٹوں کو دیکھا ہے۔ میں نے فوری طور پر علاقے کے موسمیاتی مزاکز سے رابطہ کیا تاہم علاقائی مراکز نے بتایا کہ انہوں نے آسمان پر ایسے مناظر نہیں دیکھے ہیں۔ڈاکٹر محمود القیاتی نے مزید کہا کہ ابتدائی وارننگ سینٹر میں سیٹلائٹ کی تصاویر دیکھ کر بھی اس معاملے کا پتہ نہیں چلا۔ انہوں نے کہا یہ کوئی موسمیاتی رجحان نہیں ہے اور اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے مصری میڈیا کو بتایا کہ اگر حلوان میں فلکیات کے انسٹی ٹیوٹ نے اس سے متعلق کوئی چیز نہیں دیکھی تو بڑا امکان ہے کہ اس جگہ پر گیمز یا کسی لیزر ڈیوائس کی وجہ سے آسمان پر نیلا رنگ نظر آیا ہو۔