شاہ رخ خان ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں کام کرنا نہیں چاہتے تھے، پھر کس نے منایا؟

ممبئی،فروری۔فلم پٹھان کے پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے رومینس کے بادشاہ شاہ رخ خان درحقیقت ایکشن ہیرو بننے کے خواہاں تھے۔اسٹریمنگ سروس’نیٹ فلکس‘ نے چار حصّوں پر مشتمل ایک دستاویزی سیریز ’دی رومینٹکس‘ گزشتہ روز جاری کر دی، جو آنجہانی لیجنڈری فلم ساز یش چوپڑا اور یش راج فلمز کے 50 سال مکمل ہونے پر اس پروڈکشن ہاؤس کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔اس دستاویزی سیریز میں یش راج فلمز کے سربراہ آدتیہ چوپڑا نے اپنی پروڈکشن میں بننے والی پہلی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان یہ فلم نہیں کرنا چاہتے تھے کیوں کہ انہیں ایکشن ہیرو بننا تھا۔اسی دستاویزی سیریز میں کنگ خان نے بتایا کہ وہ آدتیہ چوپڑا کے ساتھ ہمیشہ ایکش فلم اور ہیروز کی بات کرتے تھے، جس میں لڑائی ہو، خون نکلے لیکن انہوں نے مجھے ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ آفر کی جس میں ہیرو، ہیروئن کے ساتھ بھاگا بھی نہیں۔شاہ رخ خان نے کہا کہ انہیں کہانی بہت پسند آئی لیکن حیرت ہوئی کیونکہ یہ غیر متوقع تھی۔ اس موقع پر کنگ خان نے انکشاف کیا کہ ’آدی (آدتیہ چوپڑا) مجھے کہتے تھے، آپ کی آنکھوں میں کچھ ایسا ہے جسے صرف ایکشن پر ضائع نہیں کیا جا سکتا‘۔آدتیہ چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کو راضی کرنے کے لئے کبھی ہار نہیں مانی، مختلف فلموں کے سیٹس پر شاہ رخ خان کے پیچھے پیچھے پہنچ جاتے تاکہ انہیں فلم کے لئے راضی کرسکیں۔انہوں نے 1995 کی فلم تریمورتی کے سیٹ کا ایک واقعہ سنایا، جب ایک تقریباً 80 سالہ بوڑھی خاتون شاہ رخ خان کے پاس آئی اور ان سے کہا کہ ’بیٹا تو بہت اچھا ہے، اتنا اچھا کام کرتا ہے، پر تو ہر فلم میں مارتا ہے اور ہر فلم میں خون ہوتا ہے ، مجھے اچھا نہیں لگتا‘۔آدتیہ چوپڑا نے مزید بتایا کہ اس کے 15 منٹ بعد میں شاہ رخ خان کے پاس گیا اور ان سے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ آپ انکار کرنے میں ہچکچا رہے ہیں، انکار کرنا آپ کا حق ہے لیکن میں صرف یہ ہی مشورہ دوں گا کہ آپ رومانوی فلموں کے دروازے اپنے لئے بند نہ کریں کیونکہ اس ملک میں سپر اسٹار صرف وہی ہوگا جو ہر ماں کا بیٹا ہو، ہر بہن کا بھائی اور کالج کی ہر لڑکی کا خیالی تصور ہوگا۔شاہ رخ خان نے آدتیہ چوپڑا کے اصرار پر فلم سائن کرلی اور آج 27 برس بعد بھی ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ اسی فلم نے شاہ رخ خان کو رومانوی ہیرو کی پہچان دی۔خیال رہے کہ اس موقع پر انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ ایکشن فلم کرنے کا بھی وعدہ کیا جو آج فلم ’پٹھان‘ کی صورت میں پورا ہوا۔

Related Articles